کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی بلوز نے فائنل میں دفاعی چیمپئن سیالکوٹ کو 218 رنز سے ہرا کر 10 ویں مرتبہ قائداعظم ٹرافی کے جیت لی۔ کراچی کی ٹیم 22 ویں مرتبہ چیمپئن بنی ہے ۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پانچ روزہ فائنل میں 533 کے ہدف کے جواب میں ناکام ٹیم 314 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ،سیالکوٹ نے آخری دن جمعے کو12 رنز بغیر نقصان کے اننگز شروع کی تو اسے جیت کے لیے مزید 521رنز درکار تھے ۔ 35کے مجموعی اسکور پر ثاقب خان نے اذان اویس کو 11 رنز پر ایل بی ڈبلیو کردیا۔ محمد ہریرہ 39رنز بناکر محمد عمر کی گیند پر سعد بیگ کے ہاتھوں کیچ ہوئے ، عبدالرحمن کو 18 رنز پر رمیز عزیز نے فارغ کیا ۔ 144 تک محسن ریاض6 اور عبداللہ شفیق59 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ افضال منظور 13 چوکوں کی مدد سے63 اور حمزہ نذر 9 چوکوں کی مدد سے 56 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ حسن علی 25 ، محمد علی 6 حسنین کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹے۔ ثاقب خان نے 86 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں ۔ انہوں نے پہلی اننگز میں بھی چار وکٹیں حاصل کی تھیں۔ انہوں نے اس ایونٹ میں47 شکار کیے۔ پلیئر آف دی میچ پہلی اننگز میں 88 اور دوسری اننگز میں 114رنز بنانے والے عبداللہ فضل قرارپائے۔ پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے فاتح ٹیم کو ٹرافی جبکہ کھلاڑیوں ، امپائرز،میچ ریفری اور اسکورر میں بھی میں انعامات تقسیم کئے، انہوں نے کامیابی پر کراچی بلیوز کے کپتان سعود شکیل اور کھلاڑیوں کو مبارکباد دی۔