کراچی ( نصرقبال/ اسٹاف رپورٹر)امن، محبت،اخوت کے پیغام کے ساتھ ملک میں کھیلوں کے سب بڑے مقابلے قومی گیمز ہفتے سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں18سال بعد رنگارنگ اور دلکش تقریب میں شروع ہورہے ہیں، پاکستان آرمی اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔ مہمان خصوصی چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو گیمز کا افتتاح کریں گے۔ افتتاحی تقریب میں کھلاڑیوں کا مارچ پاسٹ ہوگا، ان سے گیمز کے دوران اتحاد، تنظیم، نظم وضبط اور قوت بخش ادویات سے دور رہنے کا حلف لیا جائے گا ۔ میگا ایونٹ میں 32 کھیلوں میں مردوں کے 31اور خواتین کے29گیمز رکھے گئے ہیں۔ پاکستان آرمی کی ٹیم اعزاز کا دفاع کرے گی۔ گیمز میں آرمی، واپڈا، ہائر ایجوکیشن کمیشن، نیوی، ائر فورس، پاکستان پولیس، ریلویز، چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان، آزاد جموں کشمیر اور اسلام آباد کے 11ہزار سے زائد مرد اور خواتین کھلاڑی اور آفیشلز ایکشن میں ہوں گے۔ سپر اسٹار ایتھلیٹ ارشد ندیم مشعل روشن کریں ، گیمز کی مشعل ملک بھر کا سفر طے کرنے کے بعد نیشنل اسٹیڈیم میں لائی جائے گی۔ مشعل کو نیشنل اسٹیڈیم لانے والے ایتھلیٹس میں ساؤتھ ایشین گیمز گولڈ میڈ لسٹ نسیم حمید کے علاوہ متعدد ہاکی اولمپئنز اور دیگر کھیلوں کے معروف نام شامل ہیں۔ افتتاحی تقریب میں سندھ کی ثقافت کو اجاگر کیا جائے گا جس کے بعد میوزیکل پروگرا م ہو گا، حدیقہ کیا نی اور علی ظفر سمیت معروف فن کار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے، آتش بازی ہوگی، سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ 26 وینیوز پر کھیلوں کے انعقاد کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں،ان مقامات پر جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ بھی کیا جارہا ہے۔ جمعے کو وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر نے ارشد ندیم اور سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر کے ساتھ نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور نے شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی دعوت دی، ارشد ندیم نے کہا کہ کراچی کیلئے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ نیشنل گیمز کا انعقاد ہورہا ہے ۔ دریں اثنا نیٹ بال کے مردوں کے ایونٹ میں آرمی، پاکستان پولیس، واپڈا اور نیوی جبکہ خواتین مقابلوں میں واپڈا، آزاد جموں و کشمیر، آرمی اور سندھ کی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ گئیں۔ کے پی ٹی اسٹیڈیم میں فٹبال ایونٹ میں پولیس نے سندھ، آرمی نے نیوی اور پی اے ایف نے واپڈا کو ہرایا۔ خواتین مقابلے ہفتے سے شروع ہوں گے ۔