کراچی (اسٹاف رپورٹر) ویسٹ انڈیز میں انڈر 19ورلڈ کپ کے بعد لندن میں ٹرانزٹ میں رکنے والے افغانستان کرکٹ ٹیم کے چار اراکین جن میں ایک کھلاڑی بھی شامل ہے غائب ہوگئے۔ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہ سیاسی پناہ کے لئے رجوع کریں گے۔ افغانستان کرکٹ بورڈ اس پر تبصرہ کرنے سے گریز کررہا ہے۔ غیر ملکی ویب سائٹ کے مطابق ان افراد کے ٹرانزٹ ویزے منگل کو ختم ہوگئے۔ افغانستان کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ میں چوتھی پوزیشن حاصل کی تھی۔اسکواڈ اینٹیگا سے اتوار کو لندن کے ہیتھرو پہنچاتھا۔ چار اراکین کے علاوہ دیگر تمام لوگ کابل واپس پہنچ گئے۔ برطانیہ کے قانون کے تحت کوئی بھی شخص ٹرانزٹ میں دو دن دے زیادہ نہیں رہ سکتا۔سابق کرکٹر اور افغانستان کے کوچ رئیس احمد زئیکا کہنا ہے کہ چاروں وطن واپس آجائیں گے میں نے چاروں کو میسج کیا ہے۔ انہوں نے لیکن جواب نہیں دیا۔وہ وطن واپس نہیں آئے تو ہماری کرکٹ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔