لاہور(نیوز رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ ( ن نے کہا ہے کہ صاف پانی کیس سے شہباز شریف کی بریت عمران کے انتقام کا ثبوت ہے ، ہر جھوٹا الزام لگایا، جھوٹا کیس بنایا لیکن ثابت نہیں کرسکے کیونکہ کرپشن ہوئی ہی نہیں،ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے صاف پانی کیس میں احتساب عدالت کے تفصیلی فیصلے کو نیب نیازی گٹھ جوڑ کے سیاسی انتقام کے منہ پر ایک اور زوردار طمانچہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران کا جھوٹا احتساب کا بیانیہ ہر روز منہ کے بل گرتا ہے ۔ عمران تفصیلی عدالتی فیصلے کے آئینے میں اپنے جھوٹ کا چہرہ دیکھیں۔ 2018 میں جب شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں بلایا تھا اور آشیانہ کیس میں گرفتار کیا تھا، تب بھی یہ کیس نہیں بنتا تھا ۔ وہ فیصلہ پڑھیں کہ صاف پانی منصوبے سے صرف پنجاب کی عوام کو فائدہ پہنچا ہے ۔نیب نیازی گٹھ جوڑ نے ہر جھوٹا الزام لگایا، ہر جھوٹا کیس بنایا لیکن وہ ثابت نہیں کرسکے کیونکہ کرپشن ہوئی ہی نہیں ۔ انہوں نے کہا برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کے شہباز شریف کو کلین چٹ دینے کے بعد ملک کے اندر تیسرا عدالتی فیصلہ ہے جس میں شہباز شریف سرخرو ہوئے۔ شہباز شریف نے سب سے کم بولی دینے والی کمپنی سے مذاکرات کرکے منصوبے کی لاگت مزید کم کرائی، عوام کا پیسہ بچایا۔عمران ہر روز کرپشن کی دلدل میں دھنستے جار رہے ہیں۔یاد رہے کہ ایک روز قبل احتساب عدالت نے صاف پانی کمپنی ریفرنس میں لیگی رہنما راجہ قمر الاسلام سمیت 16 ملزمان کی بریت کا تحریری فیصلہ جاری کیاتھا۔عدالت نے قرار دیا کہ پراسیکیوشن صاف پانی پراجیکٹ میں کوئی خلاف ورزی یا لاقانونیت ثابت نہیں کرسکی۔