کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک پر مسلط نااہل، نالائق اور ناجائز وزیراعظم کا مقابلہ کرنے کے لیے قوم کی نئی نسل تیار ہے، وقت آگیا ہے کہ نوجوان ملک کی قیادت کریں، پیپلز پارٹی وڈیروں ، پیروں کی جماعت نہیں، سیاست نوجوانوں کا حق اور ہتھیار کوئی گالی نہیں،تعلیمی اداروں کی فیس میں اضافہ سب کے سامنے ہے،طلبہ توجہ دلائیں،ہراسانی کے کیسزرپورٹ ہورہے، تحقیقات ادارے کے لوگوں سے ہی کروانا ناانصافی ہے۔ سندھ پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن (سپاف) کے تحت کراچی میں آرٹس کونسل میں اسٹوڈنٹ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئےپی پی چیئرمین نے کہا کہ سپاف کے عہدیداران اور کارکنان نے اپنی طویل جدوجہد کے بعد یونین سازی کا وہ حق چھین کر لے لیا ہے جو آمر ضیاء نے چھینا تھا، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے پہلے دورِ حکومت میں لیبر یونینز کے ساتھ طلبہ کی یونینز کو بھی بحال کیا تھالیکن سازش کے تحت شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی حکومت کو ختم کردیا گیا، اور آنے والی حکومت نے طلبہ یونینز پر پابندی لگادی۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ 18 سال کا کوئی بھی نوجوان وزیراعظم کا انتخاب کر سکتا ہے، جنگی حالات میں جنگ لڑنے کے لئے تیار کیا جاسکتا ہے، بھارت کے خلاف اسلحہ اٹھاکر لڑسکتا ہے، لیکن جب اسی نوجوان کو اپنا نمائندہ چننے کا معاملہ آئےتو اسے یہ اختیار نہیں ہے،پاکستان کسی جنگ یا تشدد کے نتیجے میں نہیں بلکہ قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں ایک پرامن جمہوری جدوجہد کے نتیجے میں ہمیںملا تھا۔ قائدِعوام شہید ذولفقار علی بھٹو نے ملک کوجمہوریت دی اور ہر شہری کو ووٹ کا حق دیا تو یہ کامیابی جنگ لڑ کر نہیں بلکہ پرامن و جمہوری طریقے سے کی گئی جدوجہد کا نتیجہ تھا۔