• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان غیرملکی دورے نہ کریں، عوام اپوزیشن کی طرف دیکھ رہے، عدم اعتماد کا رسک لینا چاہئے، مریم نواز

اسلام آباد(نمائندہ جنگ ) نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز نے کہا ہےکہ عوام اپوزیشن کی جانب دیکھ رہے ہیں کہ کوئی ان کے لیے آواز اٹھائے جب کہ تحریک عدم اعتماد ایسا رسک ہے جو لینا چاہیےجمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نےمعیشت ہی نہیں خارجہ پالیسی بھی برباد کی ہے، آج دوست ملک بھی پاکستان کو منہ لگانے کو تیار نہیں، عمران خان براہ کرم غیر ملکی دورے نہ کیا کریں، انہیں فی الحال وزیراعظم ہاؤس کے ایک کمرے میں بند کردینا چاہیے، ایک ایک پائی کا حساب دینا ہوگا، لندن بھاگنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تمام اتحادی جماعتوں سمیت سب سے کہتی ہوں عوامی آواز پر لبیک کہنا چاہیے، یہ جنگ عوام اور اقتدار کے درمیان ہے۔مریم نواز کا کہناتھا کہ کل جو ہوا اور جو پچھلے کچھ دن سے دیکھ رہی ہوں اس سے مشرف کے آخری ایام یاد آتے ہیں، مجھے وہ دن یاد آرہا تھا جب ججز اور چیف جسٹس کو بالوں سے پکڑ کر شاہراہ دستور پر گھسیٹا گیا تھا، جب عمران خان کی حالت دیکھتی ہوں تو مشرف کا وہ دور یاد آتا ہے۔ ہم پر صحافیوں نے بیجا تنقید بھی کی، ہم نے تو کسی کو نشانہ نہیں بنایا، کیا آپ کوئی ایسی شخصیت ہیں جن پر تنقید نہیں کی جاسکتی جو اسٹینڈرڈ آپ اپنی اہلیہ کیلئے چاہتے ہیں وہی اسٹینڈرڈ کلثوم نواز کیلئے ہونا چاہیے تھا ،کون سے مخالف کی بہو، بیٹی، بہن ماں آپ کے انتقام سے بچی ہے، جو آپ نے کیا وہ آپ کے ساتھ ہوگا، تنقید برداشت کرنے کا حوصلہ رکھیں۔ کیا آپ تنقید پر عوام پر بھی ایف آئی اے کے حملے کروائیں گے، جب آپ نے غلطیاں کی ہیں تو تنقید برداشت کرنے کا حوصلہ بھی رکھیں، آپ کے مخالفین نے آپ کے جھوٹے الزامات پر تنقید و ظلم برداشت کیا ،تو آپ بھی حوصلہ رکھیں۔
اہم خبریں سے مزید