• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماہم عامر

کبھی لال رنگ کا فرش بنتا تھا ،جس پر پونچھا لگانا اتنا آسان نہ تھا، مگر رفتہ رفتہ طرز زندگی میں شامل ہو گیا۔ پھر چپس کا دور آیا اور لال رنگ کے فرش فیشن سے آؤٹ ہو گئے تھے۔ اب ٹائلز کا دور ہے اور وہ بھی دودھیا اور سفید رنگوں کے سادہ ٹائلز ،اب ہر دوسرے نئے تعمیر شدہ گھر میں ٹائلز کے فرش ہی دیکھنے میں آرہے ہیں۔

لوگ سیمنٹ کے سادہ فرش کو بھی اب ٹائلز میں بدل کر گھر کی شان وشوکت بڑھا رہے ہیں۔ یہ سچ بات ہے کہ مکانوں کی تعمیر میں آپ جتنی قیمتی اور بہترین اشیاء استعمال کرتے ہیں وہ نا صرف گھروں کو دلکش بناتی ہیں بلکہ ان کی مارکیٹ ویلیو میں بھی اضافہ کرتی ہیں۔ اگر ڈیکوریشن والی ٹائلز کا ذکر کیا جائے تو مارکیٹ میں بے شمار رنگوں اور اسٹائلز کے ساتھ یہ دستیاب ہیں جنہیں گھروں میں لگا کر آپ لگژری انداز کے ساتھ ساتھ مکان کی قدر وقیمت بڑھا دیتے ہیں۔

……گلاس ٹائلز……

یہ ایک نیا رجحان ہے جو سیر امک ٹائلز سے زیادہ مقبولیت حاصل کر چکا ہے۔ مختلف سائز،ڈیزائن اور ساخت میں دستیاب ان ٹائلز کو دستکاریوں سے بھی آراستہ کیا گیا ہے۔

……باتھ روم کے لئے……

تعلیم یافتہ اور باذوق لوگ اب صرف لاؤنجز اور کمروں ہی پر سرمایہ نہیں لگاتے بلکہ واش رومز کو بھی اعلیٰ ذوق کے ساتھ آراستہ کرتے ہیں۔ واش روم کو پر سکون، سادہ مگر Spa کی طرح بنانے کے لئے گلاس ٹائلز کا استعمال کیا جا سکتاہے۔ شاور والے حصے کو علیحدہ کرنے کے لئے گلاس بلاک وال بنوائی جا سکتی ہے ۔شیشے نما پلاسٹک کی یہ دیوار آپ کے واش روم کو انفرادیت کے ساتھ ساتھ دلکشی کا تاثر بھی دے گی۔

……اسٹڈی روم کے لئے……

مطالعہ گاہ اور گھر کی چھوٹی سی لائبریری میں آپ روشنی اور ہوا کا بھر پور انداز سے انتظام چاہتے ہیں۔ اس جگہ کی کشادگی بڑھانے اور اسے مزید روشن اور ہوا دار بنانے کے لئے گلاس ٹائلز کا انتخاب ضروری ہے ۔فرش پر یہ اسٹائل کرسٹل ٹچ دے گا۔ اسٹڈی روم فلورنگ کے علاوہ اسٹڈی ٹیبل وال کے لئے بھی گلاس ٹائل لگانے کا رجحان پسند کیا جارہا ہے۔

……کچن کے لئے……

اب باورچی خانے ،اوپن ایریا میں لاؤنج اور ڈائننگ ایریا کے ساتھ بنائے جانے لگے ہیں خاص کر فلیٹوں میں کہ جہاں مکانیت مختصر ہوتی ہے ۔رقبہ چھوٹا ہوتاہے اور آپ کو ایک چھت تلے تین کمروں کو استعمال میں لانا ہوتاہے اگر ایسے حالات میں آپ گہرے رنگوں کی دیواریں یا کیبنٹ بنالیں گے تو گھر اور بھی تنگ اور چھوٹا نظر آتاہے۔

کچن کی عقبی دیوار خاص دیوار ہوا کرتی ہے۔اسے معمولی سمجھ کر نظر انداز نہیں کیا جانا چاہئے یہاں بھی گلاس ٹائلز کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہ ٹائلز محض عالیشان طرز زندگی کی عکاسی ہی نہیں کرتے بلکہ یہ گھر کے مختلف حصے زیادہ کشادہ اور روشن کر دیتے ہیں۔