• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی سی بی کا جیمز فالکنرکو آئندہ پی ایس ایل نہ کھلانے کا فیصلہ

کراچی(مانیٹرنگ نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلوی کرکٹر جیمز فالکنر کو مستقبل میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) نہ کھلانے کا اعلان کرتے ہوئے معاوضے کی عدم ادائیگی اور بدسلوکی کے الزامات مسترد کردیئے۔

ذرائع کاکہناہےکہ فالکنر نے نشے میں ہوٹل میں توڑ پھوڑ بھی کی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے جیمز فالکنر کے حوالے سے پی سی بی اور تمام پی ایس ایل فرنچائزز نے فیصلہ کیا ہے کہ مستقبل میں انہیں پی ایس ایل کے ڈرافٹس میں شامل نہیں کیا جائے گا۔

پی سی بی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایچ بی ایل پی ایس ایل 2022 کے دوران جیمز فالکنر کی جانب سے لگائے جانے والے معاوضے کی عدم ادائیگی اور بدسلوکی کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔

جیمز فالکنر کی جانب سے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2022 کے دوران عدم ادائیگی سے متعلق بے بنیاد الزامات عائد کیے جانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ معاہدے کے مطابق جیمز فالکنر کو 70 فیصد تک تمام ادائیگیاں کی جا چکی ہیں، بقیہ 30 فیصد ادائیگی پی ایس ایل 2022 کے اختتام کے 40 روز کے اندر کی جانی تھی تاہم اس پر اب نظر ثانی کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جیمز فالکنر نے لاہور میں ہوٹل پراپرٹی کو بھی نقصان پہنچایا اور اس وقت وہ نشے کی حالت میں تھے جبکہ ہوٹل میں نقصان کا ازالہ چیک آؤٹ کے وقت پی سی بی نے کیا۔

ذرائع کے مطابق جیمز فالکنر نے امیگریشن حکام سے بھی بدتمیزی کی جس کے بعد معاملے کو اعلیٰ حکام کے نوٹس میں لایا گیا۔

اہم خبریں سے مزید