لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت بحرانوں کی ماں ہے، پونے چار برس میں جتنے اسکینڈلز اور بحران آئے ملک کی سیاسی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ حکومت نے ظلم و ناانصافی کی تمام حدیں عبور کر دیں، نااہل حکمرانوں کا جاناٹھہر گیا ہے۔ کسان، مزدور سراپا احتجاج ہیں،مہنگائی کے طوفان نے لوگوں کو خودکشیاں کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے زراعت، صنعت، صحت، تعلیم سمیت تمام شعبے زوال پذیر ہیں۔ ملک کا کاشت کار فاقوں پر مجبور، حکمران اشرافیہ عیاشیاں کر رہی ہے۔ زرعی مشینری کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ، بیجوں پر سیلز ٹیکس ختم کیا جائے۔ کسانوں کے مطالبات 48گھنٹوں میں پورے کیے جائیں اور گرفتار افراد کو رہا کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور میں جے آئی کسان کے دھرنا سے خطاب اور بعدازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ ملک پر 73برسوں سے استعمار کے وفاداروں، جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کا قبضہ ہے۔ حکمران اشرافیہ ملکی وسائل پر قابض جب کہ دوسری طرف عوام کی اکثریت غربت اور مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے۔ مختلف نام نہاد جمہوری ادوار اور مارشل لا حکومتوں نے اداروں کو تباہ کیا۔ ملکی وسائل کو عوام کی بجائے ذاتی عیاشیوں پر خرچ کیے۔برطانوی ہائی کمیشن کے صوبہ پنجاب کے لئے نمائندے ایلکس بیلنجر نے منصورہ میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ملاقات کی اور ملک کو درپیش معاشی، سیاسی اور جغرافیائی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا۔ امیر جماعت نے کشمیر یوں کے حق خودارادیت اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی جانب برطانوی نمائندہ کی توجہ مبذول کروائی اور برطانیہ پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرے۔ انھوں نے برطانوی ارکان پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کیا جو پاکستان اور کشمیر یوں کے حقوق کے لئے صدائے حق بلند کرتے ہیں۔