• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میڈیا جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے عہدیداران کی بلاول بھٹو سے ملاقات

کراچی (نیوز ڈیسک) میڈیا جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے عہدیداران نے بلاول بھٹو سے ملاقات کی ہےجبکہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے اپنی ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ وہ عدالت سمیت تمام متعلقہ فورمز پر پیکا قانون کو چیلنج کریں۔ تفصیلات کے مطابق، میڈیا جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے عہدیداران نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو سے بلاول ہائوس کراچی میں ملاقات کی ہے اور حکومت کی جانب سے پیکا کے ذریعے ڈریکونین قوانین کے نفاذ پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ جس کے ذریعے سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا کو کنٹرول کیا جائے گا جس سے ملک بھر میں تمام شہریوں کی آزادی اظہار رائے متاثر ہوگی۔ پیپلزپارٹی چیئرمین نے تمام ارکان کو یقین دہانی کروائی کہ ان کی جماعت پریس کی آزادی کے اپنے منشور پر قائم ہے۔ انہوں نے پیپلزپارٹی کی ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ عدالت سمیت تمام متعلقہ فورمز پر ان قوانین کو چیلنج کرے۔ بلاول بھٹو نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو اپنی حمایت کی یقین دہانی کروائی۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ارکان میں سی پی این ای، اے پی این ایس، ایمینڈ اور پی بی اے کے سینئر نمائندگان شامل تھے۔ ان میں سرمد علی، ناز آفرین سہگل، ڈاکٹر جبار خٹک، طاہر اے خان، شکیل مسعود، شہاب زبیری، اطہر قاضی، زاہد مظہر، اعجاز الحق، عامر محمود، حافظ طارق اور شہاب محمود شامل تھے۔ جب کہ بلاول بھٹو کے علاوہ پیپلزپارٹی کے رہنمائوں میں شیری رحمان، شازیہ مری اور فیصل کریم کنڈی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اہم خبریں سے مزید