• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PSL7، قلندرز کیلئے لکی نمبر7 ثابت، سلطانز سے تاج چھین لیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سپر لیگ کا ساتواں ایڈیشن لاہور قلندرز کیلئے لکی سیون ثابب ہوا۔ لاہور قلندرز کےشاہین شاہ آفریدی 21سال کی عمرمیں ٹی ٹوئنٹی ٹائٹل جیتنے والے دنیا کے کم عمر ترین کپتان بن گئے۔ شاہین شاہ نے پہلے ہی سال نئی تاریخ رقم کردی۔ اسٹیو اسمتھ نے 2012میں سڈنی سکسر کو بگ بیش کا ٹائٹل 22سال کی عمر میں اور روہت شرما نے ممبئی انڈینز کو 26سال کی عمر میں آئی پی ایل ٹائٹل2013میں جتوایا تھا ۔ساتویں کوشش میں پاکستان سپر لیگ پہلی بار جیتنے پر لاہور قلندرز کو لاہور کے شائقین کی جانب زبردست پذیرائی ملی۔ شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ پوری ٹیم کو کریڈٹ جاتا ہے جنہوں نے مشن کو مکمل کیا۔ سینئرز خاص طور پر حفیظ بھائی نے بہت سپورٹ کیا۔ ہم نے بہت محنت کی تھی اور جیت کے مستحق تھے۔ گرائونڈ میں30ہزار تماشائیوں موجود تھے جبکہ میدان سے باہر لاکھوں لاہوریوں نے اپنی ٹیم کو بھر پور سپورٹ کیا۔ تماشائی ایک ایک گیند پر ہوم ٹیم کی سپورٹ کررہے تھے یہی وجہ تھی کہ جیتنے کے بعد قلندرز نے گرائونڈ کا چکر لگا کر اپنے پرستاروں کا شکریہ ادا کیا۔ ملتان سلطانز کا کہنا تھا کہ ایک ہی ٹیم جیت سکتی تھی۔ فائنل میں ہم پریشر برداشت نہ کرسکے۔ حفیظ بھائی نے پریشر میں بہت اچھی اننگز کھیلی ۔ سب کی طرح ہم سے بھی غلطیاں ہوئیں ۔41سالہ محمد حفیظ کو پلیئر آف دی فائنل قرار دیا گیا انہیں 30لاکھ روپے کا انعام ملا۔ ان کا کہنا ہے کہ میں اپنی انتظامیہ کو کریڈٹ دوں گا جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔ راشد ریاض ٹورنامنٹ کے بہترین امپائر کا ایوارڈ اور 35لاکھ روپے کا ایوارڈ ملا۔ خوشدل شاہ کو ٹورنامنٹ کا بہترین آل راؤنڈراوربہترین فیلڈر قرار دیا گیا۔ انہوں نے ایونٹ میں 153رنز اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ 16 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ انہیں ٹورنامنٹ کے بہترین فیلڈر کا انعام بھی ملا۔ فائنل ہارنے والی ٹیم کو اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ دیا گیا۔ محمد رضوان بہترین وکٹ کیپر قرار پائے۔ لاہور قلندرز کے زمان خان پی ایس ایل سیون کے ایمرجنگ کھلاڑی کا ایوارڈ ملا۔ بہترین بولر کا انعام شاداب خان کو دیا گیا۔ فخر زمان کو بہترین بیٹر کا ایوارڈ ملا۔ محمد رضوان کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انہوں نے546رنز بنائے اور ٹیم کو گیارہ میں سے دس میچوں میں فتح دلوائی۔ انہوں نے47چوکے اور 9 چھکے جڑنے سمیت 7نصف سنچریاں اسکور کیں۔ اس دوران انہوں نے 9 شکار کیے۔ فخر زمان نے ٹورنامنٹ میں 153کے اسٹرائیک ریٹ سے 588رنز اسکور کیے۔ شادب خان نے 19 وکٹیں حاصل کیں۔ لاہور قلندرز کے زمان خان کو ایچ بی ایل پی ایس ایل 7کا ایمرجنگ کرکٹر قرار دیا گیا ۔ زمان خان نے18وکٹیں حاصل کیں۔ امپائر آف پی ایس ایل کے علاوہ تمام ایوارڈز کمنٹری پینل میں شامل ارکان کی جانب سے دئے گئے ہیں۔ کھلاڑیوں کو فی کس 35 لاکھ بطور انعام دیے گئے۔

اسپورٹس سے مزید