• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور قلندرز نے پی ایس ایل کا تاج پہلی بار اپنے سر سجالیا، لاہورمیں جشن،تماشائیوں کے بھنگڑے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان سپر لیگ کا تاج پہلی بار لاہور قلندرز نے اپنے سر پر سجا لیا، ملتان سلطانز، اعزاز کا دفاع کرنے میں ناکام رہے۔فائنل میں قلندرز نے فیورٹ ملتان سلطانز کو42رنز سے دھول چٹا دی۔

اتوار کی شب قذافی اسٹیڈیم میں ملتان کی ٹیم تین گیندیں پہلے138رنز بناکر آوٹ ہوگئی، لاہور میں تماشائیوں کا جشن ، نوجوانوں کے سڑکوں پر بھنگڑے ۔

اولڈ از گولڈ کی مصداق سے41سالہ محمد حفیظ نے دنیا کے تیز ترین فارمیٹ میں میچ وننگ آل راونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاہور قلندرز کو پاکستان سپر لیگ کا پہلا ٹائیٹل جتوادیا۔

محمد حفیظ نےمشکل وقت میں69رنز بنائے اور36رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے اور وہ ہی فائنل میں مین آف دی میچ قرار پائے،قلندرز کے بولروں کو کھیلنا سلطانز کے بیٹر کے بس کاکام نہیں تھا۔

 کپتان شاہین آفریدی نے30رنز کے عوض تین وکٹ حاصل کئے۔زمان خان نے بھی دو وکٹ حاصل کئے۔چھ سال میں ایک فائنل کھیلنے والی قلندرز کی ٹیم کوشاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں ساتویں سال خواب کی تعبیر مل گئی اور ہوم ٹیم کی جیت کے بعد لاہور کی سڑکوں پر جشن منایا گیا۔

پی ایس ایل سیون میں گیارہ میں دس میچ جیتنے والی ملتان سلطانز مسلسل دوسرا ٹائیٹل جیتنے میں ناکام رہی اور فائنل میں سلطانز کی بیٹنگ بری طرح ناکام رہی اسے ٹورنامنٹ میں دوسری بار شکست لاہور ہی کے ہاتھوں ہوئیں۔لاہور قلندرز کو ٹرافی کے علاوہ8کروڑ روپے کی انعامی رقم ملی۔

دفاعی چیمپین سلطانز کو تین کروڑ20لاکھ روپے کی انعامی رقم ملی۔ فائنل دیکھنے کے لئے ہزاروں تماشائیوں کے علاوہ صدر مملکت عارف علوی اور آرمی چیف جنرل قمر باجوہ بھی موجود تھے۔قلندرز کے کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ جیتنے کے بعد گراونڈ کا چکر لگا کر اپنے پرستاروں کا شکریہ ادا کیا۔شان مسعود اور محمد رضوان کی36رنز کی شراکت کا خاتمہ محمد حفیظ نے کیا۔

رضوان 14رنز بناکر سوئپ کھیلنے کی کوشش میں14رنز بناکر بولڈ ہوگئے۔پانچ رنز کے اضافے کے بعد فخر زمان نے شان مسعود کو رن آوٹ کردیا۔عامر عظمت چھ رنز بناکر محمد حفیظ کا دوسرا شکار بنے۔آصف آفریدی کو ایک رن پر زمان خان نے بولڈ کیا۔دس اوورز میں اسکور چار وکٹ پر58رنز تھا۔

رائیلی روسو15رنز بناکر زمان خان کا شکار بنے۔گیارہویں اوور میں63رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی تھی۔ٹم ڈیوڈ اور خوش دل شاہ نے مزاحمت کی کوشش کی ۔ٹم ڈیوڈ 17گیندوں پر27رنز بناکرشاہین کی گیند پر کیچ ہوئے۔اسی اوور میں شاہین شاہ نے ڈیوڈ ولی کو بولڈ کردیا۔اگلے اوور میں خوش دل23گیندوں پر32رنز بناکرحارث روف کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئےپانچ وکٹ پر 180رنز بنائے۔

اس نے آخری پانچ اوورز میں ڈیوڈ ویزا اور ہیری بروک کی طوفانی بیٹنگ کی وجہ سے آخری پانچ اوورز میں77رنز بنائے جبکہ دو اوورز میں40رنز بنائے۔پلے آف کے ہیرو ڈیوڈ ویزانے8گیندوں پر28ناقابل شکست رنز بنائے جس میںتین چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔ہیری بروک نے22گیندوں پر41ناٹ آوٹ رنز بنائے۔

اہم خبریں سے مزید