• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹر رحمان ملک مرحوم کی پاکستان اور پارٹی کیلئے گراں قدر خدمات ہیں ،مقررین

  اوسلو(نمائندہ جنگ)پاکستان پیپلز پارٹی ناروے کے زیراہتمام پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سیاستدان سابق وزیر داخلہ سینیٹررحمان ملک کی وفات پر تعزیتی ریفرنس کا اہتمام کیا گیا۔ تعزیتی ریفرنس کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول اللہ صلی علیہ وسلم سے مشہور نعت خواں عبدالمنان نے کیا، اسٹیج سیکرٹری کے فرائض طلعت محمود بٹ نے سرانجام دیئے۔تعزیتی ریفرنس سے پاکستان پیپلز پارٹی ناروے کے سینئر نائب صدرچوہدری اسماعیل سرور بھٹیاں،طلعت محمود بٹ ، سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی ناروے راجہ عاشق حسین ، SV ڈاکٹر راجہ مبشر بنارس، الیاس کھوکھر اور زلفی شاہ نے خطاب کیااور مرحوم سینیٹررحمان ملک کی پارٹی کے لیے گراں قدر خدمات کو سراہا اور ان کی روح کےایصال ثواب کے لئے دعائیہ کلمات بھی کہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی ناروے کے سینئر نائب صدرچوہدری اسماعیل سرور بھٹیاں نےتعزیتی ریفرنس میں آئے ہوئے پارٹی رہنماؤں اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیااور کہاکہ سینیٹر رحمان ملک 1951میں سیالکوٹ میں پیداہوئے، انہوں نے کراچی یونیورسٹی سے ایم ایس سی شماریات کی ڈگری حاصل کی اور انہیں کراچی یونیورسٹی نے پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری بھی دی۔رحمان ملک پیپلز پارٹی کی طرف سے 2018 سے سینیٹ کے رکن تھے وہ 2008 سے 2013 تک پاکستان کےوزیر داخلہ رہے۔ سیاست میں آنے سے قبل وہ ایف آئی اے کے سربراہ بھی رہے۔ سینیٹر رحمان ملک کو ان کی بہترین کارکردگی کی بنیاد پر حکومت پاکستان کی جانب سے ستارہ شجاعت اور نشان امتیاز سے نوازا گیا۔انہوں نے کہا کہ سینیٹر رحمان ملک کا شمارمحترمہ بینظیر بھٹو شہید کے با اعتماد اور وفادار ساتھیوں میں ہوتا ہے۔چوہدری اسماعیل سرور بھٹیاں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ناروےکے صدر چوہدری جہانگیر نواز اور پیپلز پارٹی ناروے کے جنرل سیکرٹری علی اصغر شاہد پاکستان کے دورے پر ہیں اور ان کا بھی یہی پیغام ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم سینیٹر رحمان ملک کی مغفرت فرمائے اور ان کی فیملی کو صبر جمیل عطا فرمائے، ہم اس دکھ کی گھڑی میں ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ تقریب میں شیخ طارق محمود ،جنید شیخ، چوہدری محمد اشرف، خالد کھٹانہ ،چوہدری قمر عباس ٹوانہ ،رفیع اللہ ،محمد اسلام ،بابر بٹ چوہدری ظفر نواز حقیقہ، چوہدری امیر حسین، راجہ سلیم چوہدری، عثمان اصغر، چوہدری اصغر، چوہدری مظہر حسین، چوہدری اعجاز، ڈاکٹر غیاث، چوہدری تنویراحمد ،الیاس کھوکھر،چوہدری بشیر موس اور دیگر نے شرکت کی۔ بزم نقشبند کے امام و خطیب مولانا نصیر احمد نوری نے مرحوم رحمان ملک کی روح کے ایصال ثواب کےلیے دعائے مغفرت کرائی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرما کر جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرو جمیل عطا فرمائے۔ آمین
یورپ سے سے مزید