سکھر، شہدادکوٹ، قمبر علی خان (نیوز ایجنسیاں، نامہ نگاران) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان پیپلزپارٹی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آصف علی زرداری نے بھٹو کی نظریاتی سیاست دفن کردی،پیپلزپارٹی لانگ مارچ کیلئے سرکاری وسائل استعمال ہو رہے ہیں۔
عمران خان اور آصف زرداری کو آمنے سامنے بٹھاتے ہیں، ہم تین سال کا حساب دیں گے آپ کو15 سال کا حساب دینا ہو گا،عوام خود ہی فیصلہ کرلیں گے،سندھ کا خزانہ کیوں خالی ہوگیا؟اسی کاحساب لینے آئےہیں، سندھ کی تقدیر بدلنے کا وقت آگیاہے، یہ کونسی سیاست ہےکہ مخالف کوگولی کی نظر کر دیا جائے، آصف زرداری اوربلاول تم سرکاری بیساکھیاں چھوڑدو، پیپلزپارٹی اورن لیگ جانتی ہیں کہ ان کا اتحاد غیرفطری ہے،بی اے پی،ایم کیوایم اوردیگراتحادی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں ۔
اپوزیشن کاانتظاراس بات کی گواہی ہےکہ عدم اعتماد کیلئے اسکے نمبرزپورے نہیں،سندھ میں پیپلز پارٹی کےعلاوہ کسی کا جھنڈانظر نہیں آتاتھا، لیکن سندھ میں آج تحریک انصاف کاجھنڈا نظر آرہا ہے، عدم اعتماد کا ڈرامہ ناکام ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے ’’سندھ حقوق مارچ‘‘ کے شرکاء سے مختلف مقامات پر خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ رتو ڈیرو میں خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ زرداری نےبھٹو کی سیاست کودفن کردیاہےْ۔
سندھ جو تبدیلی مجھے دکھائی دے رہی ہے اس کا ذمہ دار آصف علی زرداری ہے،یہاں کے لوگ زرداری سے تنگ آکر دیگر جماعتوں کی طرف دیکھ رہے ہیں ۔ اس نے بھٹو کی سیاست کو زر اور زرداری میں تبدیل کر دیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بلاول لانگ مارچ پر نکلے ہیں لیکن اس کے سہارا سرکار کا لے رہے ہیں، پولیس اہلکاروں اور سرکاری مشینری سے پیپلز پارٹی کے جھنڈے لگوائے جا رہے ہیں، جب سیاسی جماعتیں زندہ ہوتی ہیں تو ان کے کارکن خود میدان میں نکلتے ہیں۔
بلاول تم سندھ سرکار کی بیساکھیاں چھوڑ دو۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سیاست میں اختلافات ہوتے ہیں۔سندھ کی تقدیر بدلنے کا وقت آ گیا ہے، نوجوانو، سندھ اس وقت بدلے گا جب سوچ بدلے گی، مخدوم شاہ محمود قریشی نے لوگوں سے سوال کیا کہ قمنبر والو کیا پچھلے پندرہ سالوں میں آپ کے مسائل ہوئے؟
بلاول تین سال کا حساب ہم سے لے لو اور پندرہ سال کا حساب ہمیں دے دو، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صبح پیپلز پارٹی کے ایک وزیر کہہ رہے تھے کہ تحریک انصاف کا مارچ ہمیں لٹل لٹل دکھائی دے رہا ہے، یہی لٹل لٹل مارچ تمہیں ’’بی لٹل‘‘ کرنے کیلئے سندھ میں داخل ہو گیا ہے۔وفاقی وزیر اسد عمر اور پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے بھی مارچ کے شرکا سے خطاب کیا ۔
آج منگل کو لاڑکانہ میں بڑا جلسہ منعقد ہوگا ۔ قبل ازیں سندھ حقوق مارچ کے شرکا کا ضلع قمبر شہدادکوٹ پہنچنے پر پارٹی کارکنوں نے شاندار استقبال کیا۔دوسری جانب جیکب آباد میں میڈیا کے نمائندوں کے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت تمام وسائل سندھ حکومت کو دئیے گئے ہیں ان کا حساب کتاب لینے سندھ آئے ہیں۔