سکھر، خیرپور، مورو(بیور و رپورٹ، نامہ نگار) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف حکومت قبول نہیں، جیب میں عدم اعتماد لیکر اسلام آباد کی جانب بڑھ رہے ہیں، عمران خان کو ہمارے اسلام آباد پہنچنے سے پہلے استعفیٰ دیکر بھاگ جانا چاہیے، ہماری دو دن کی لانگ مارچ میں بجلی اور پیٹرول سستا ہو گیا تو اسلا م آباد پہنچنے پر کیا کیا سستا ہوگا.
قیمتوں میں کمی عمران کی نہیں جیالوں کی کامیابی ہے، عمران خان آپ جھوٹ کے ماہر اور پروپیگنڈا کے بادشاہ ہیں، دو دن کی محنت کے نتیجے میں کٹھ پتلی جھک گیاہے، ʼپٹرول 12 روپے مہنگا کر کے 10 روپے کم کرنا بے وقوف بنانے کی کوشش ہے.
روٹی، کپڑا، مکان چھینا جارہا ہے، عوام پہچان گئے کہ تبدیلی کے نام پر تباہی ہے، آصف زرداری کے انٹرویو کو چلنے نہیں دیا گیا، آپ اتنے ڈرپورک تھے کہ پوری میڈیا کو کنٹرول کیا، کل وزیراعظم نے خطاب کیا اور رونا شروع کردیا کہ میڈیا مجھ پرتنقید کرتا ہے، آپ میڈیا پر کنٹرول کے باوجود بھی رورہے ہیں کہ آپ پرزیادہ تنقید ہورہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر، خیرپور، مورو میں میں جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید احمد شاہ، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ، نثار کھوڑو، سابق وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ، منظور حسین وسان، سینیٹر عاجز دھامرہ و دیگر بھی موجود تھے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ اسلام آبادجاکرجعلی وزیراعظم کوعدم اعتماد سے باہرنکالیں گے،جن وزراءکو ایوارڈ نہیں ملاتھا انہیں سندھ بھیج دیاگیا، عمران خان اب گھبرانہیں رہےبلکہ کپکپاناشروع کردیاہے۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ سلیکٹیڈ وزیر اعظم کے دن گنے جا چکے ہیں، عوامی لانگ مارچ کے نتیجے میں عمران خان کو جانا ہو گا۔ بلاول بھٹو نے کہاکہ لانگ مارچ اسلام آباد پہنچنے پر عمران خان کے اقتدار کا زوال شرو ع ہو گا،پیپلزپارٹی نے ملک کے مشکل حالات دیکھ کر لانگ مارچ شروع کیا ہے۔
ملک کی معاشی حالت خراب ہے ہر شخص پریشان ہے نوجوان دو دو ڈگریاں ہاتھ میں لیکر گھوم رہے ہیں ان کو نوکریاں نہیں مل رہی۔ مورو میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام کا حکومت سے اعتماد اٹھ چکا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ پارلیمان کا بھی حکومت سے اعتماد اٹھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آج مورو کے عوام سے بھی پوچھ رہا ہوں کیا آپ کو تبدیلی پسند آئی؟ اگر نہیں پسند آئی تو اس کٹھ پتلی حکومت سے ٹکرانے کیلئے آئیں اور پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے زراعت کے شعبے پر ڈاکا ڈال کر پاکستان کی معیشت کا بیڑا غرق کردیا، وقت آگیا ہے کہ ہم اس کٹھ پتلی حکومت سے حساب لیں۔