• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز الٰہی اور سراج الحق کا جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے اظہار یکجہتی

لاہور (نمائندہ جنگ / جنگ نیوز) کالے قانون پیکا ترمیمی آرڈیننس کیخلاف اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے صحافتی تنظیموں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے اظہار یکجہتی کیا ہے ۔ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ پیکا آرڈیننس صحافی برادری اور عوام کے ساتھ حکومت کا امتیازی سلوک ہے، میڈیا کی آزادی پر مکمل یقین رکھتے ہیں ، پیکا آرڈیننس میں ترمیم فوری منسوخ کیا جائے۔ ادھر امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ پیکا ترمیمی آرڈیننس مسترد کرتے ہیں، کالےقانون کیخلاف جدوجہدمیں صحافیوں کےساتھ ہیں ، فیک نیوز کی تعریف و تشریح کے بغیر آرڈیننس کا نفاذ سمجھ سے بالاتر ہے، میڈیا کو خاموش کرانے کے حکومتی ہتھکنڈوں کی مذمت کرتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی سے پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (PBA)، آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (APNS)، کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (CPNE) اور ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (AEMEND) کے رہنماؤں نے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی جس میں پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے میاں عامر محمود چیئرمین، شکیل مسعود، چوہدری عبدالرحمن، محسن نقوی، سی پی این ای کے کاظم خان، اعجاز الحق، ارشاد عارف، یوسف نظامی، اے پی این ایس کے صدر سرمد علی، ناز آفرین سہگل، عمر شامی، شہاب زبیری اور ایمنڈ کے محمد عثمان، ایاز خان اور میاں طاہر شامل تھے۔ اسپیکر چوہدری پرویزالٰہی نے میڈیا جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہوئے پیکا آرڈیننس میں ترمیم کو فوری طور پر منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیکا آرڈیننس صحافی برادری اور پاکستان کے عوام کے ساتھ حکومت کا امتیازی سلوک ہے، میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے، ہم اس کی آزادی پر مکمل یقین رکھتے ہیں۔ چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ میڈیا کی آزادی پاکستان کی ترقی کیلئے بھی بہت ضروری ہے، میڈیا کی آزادی پر کسی قسم کی بھی قدغن لگانا ہمارے اپنے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ میڈیا کی آزادی اور اس کے ورکرز کی فلاح و بہبود کیلئے کام کیا، آزاد میڈیا پاکستان کی سلامتی اور بقا کیلئے انتہائی ضروری ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کے دور حکومت میں الیکٹرانک میڈیا کے ریکارڈ لائسنس جاری ہوئے، اپنے دور حکومت میں بھی میڈیا کی تنقید کو کھلے دل سے قبول کیا، میڈیا کی تنقید سے ہمیشہ اصلاح کا پہلو لیا۔ ملاقات میں اس موقع پر سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں سراج الحق نے منصورہ میں صحافتی تنظیموں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے گفتگو کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ میڈیا کی آزادی پرپابندی لگانے والے تمام قوانین اور بالخصوص حالیہ کالے قانون پیکا کے نفاذ کے خلاف جدوجہد میں جماعت اسلامی صحافی برادری کے ساتھ کھڑی ہے۔
اہم خبریں سے مزید