اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں ) وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے کہاہے کہ بلاول بھٹو زر داری لانگ مارچ چھوڑیں اپنے خفیہ 12 اکاؤنٹس کا حساب دیں، پیپلزپارٹی اور ن لیگ غیر ملکیوں سے پیسے لیتی ہے، تحریک انصاف قانون کے مطابق فنڈز اکٹھے کرتی ہےجبکہ وزیر مراد سعید کا کہنا ہے کہ سندھ پر 3نسلوں سے قابض حکومت نے عوام کو مافیاز کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اکبر ایس بابر کوئی مصدقہ دستاویز عدالت میں پیش نہیں کرسکے، اسکروٹنی کمیٹی نے خود اسٹیٹ بینک سے ڈیٹا منگوایا، الیکشن کمیشن نے تمام جماعتوں کے اکاؤنٹس کو دیکھنا ہے، ہم نے اسکروٹنی کمیٹی کو اپنے 40 ہزار ڈونرز کا ریکارڈ دیا۔فرخ حبیب نے کہا کہ نواز شریف اسامہ سے پیسے لیکر بی بی کی حکومت گرانے کی کوشش کرتے رہے، پی ٹی آئی نے پہلی بار پولیٹیکل فنڈ ریزنگ متعارف کرائی، ایک ممبر ریٹائرڈ ہونے سے اسکروٹنی کمیٹی غیر فعال ہے، الیکشن کمیشن سے استدعا ہے اسکروٹنی کمیٹی کو فوری فعال بنایا جائے، اپوزیشن کا عوام سے کوئی لینا دینا نہیں، پوری قوم سیاسی مخالفین کا ڈرامہ دیکھ رہی ہے۔دریں اثناء بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ سندھ پر تین نسلوں سے برسراقتدار پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ کے عوام کو مافیاز کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے، اسپتالوں سے ڈاکٹر ز اور دوائیاں غائب ہیں، سڑکوں کی حالت ابتر ہے، پنشنرز کو بھی نہیں بخشا گیا، اربوں روپے کی گندم بھی چوہے کھا گئے، تھر میں پانچ سو سے ساڑھے پانچ سو بچے بھوک اور غربت سے مر جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عوام کیلئے تاریخی ریلیف پیکج کا اعلان کیاہے جس پر قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوںاور چیلنجز کے باوجود بڑے اعلانات کرنے پر وزیراعظم عمران خان کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرزند زرداری نے کراچی کو کچرا کنڈی بنا دیا ہے، حقوق سندھ مارچ سے ان کی بوکھلاہٹ میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بلاول بھٹو کو مشوہ دیا کہ بلدیاتی انتخابات آ رہے ہیں، آپ کے سیکھنے کے دن ہیں ، پہلے کونسلر کا الیکشن لڑیں پھر بڑوں سے سوال کریں۔