• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کیخلاف اے این ایل کے پیش کردہ شواہد میں نیب ریفرنس پر انحصار

لندن(مرتضیٰ علی شاہ)ایسوسی ایٹڈ نیوز پیپرز لمیٹڈ نے لندن ہائیکورٹ میں شہباز شریف کی جانب سے کئے گئے ہتک عزت کے مقدمے میں اپنی جانب سے جو ثبوت عدالت میں جمع کرائے ہیں وہ زیادہ شہباز شریف اور ان کی فیملی کے ارکان کی2018 تک 10 سال کی بینک ٹرانزیکشن اور گواہوں پر مبنی ہو جو ان کے خلاف نیب کے ریفرنس کا بھی حصہ ہے ۔ڈیلی میل ،میل آن لائن اورمیل آن سنڈے کے پبلشر نے شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسف کے مقدمے کے حوالے سے بھی اپنے دفاع میں جواب جمع کرایا ہے ،اے این ایل کے شواہد تفصیلی ہیں اور اے این ایل کے ایک ذریعے کے مطابق یہ شواہد نیب کے ریفرنس کے مقابلے میں زیادہ ہیں اور یہ شواہد کی بنیاد بنیادی ثبوتوںپر ہے،تاہم تمام نام ،الزامات اور شواہد اسی نوعیت کے ہیں جو نیب ریفرنس میں شامل ہیں ،اے این ایل نے یہ شواہد ویسٹ منسٹر مجسٹریت کی عدالت کی جانب سے شہباز شریف اور ان کے بیٹے کے خلاف نیشنل کرائم ایجنسی کی جانب سے 2 سال تک تفتیش کے باوجود منی لانڈرنگ کے ثبوت نہ ملنے پر انھیں کلین چٹ دئے جانے کے کم وبیش 2 ہفتے بعد پیر کو جمع کرائے ہیں۔ میل آن سنڈے نے 14 جولائی 2019 کے شمارے میں شہباز شریف اور ان کے داماد پر منی لانڈرنگ اور برطانیہ کی جانب سے پاکستان کو دی گئی امداد خوردبرد کرنے کا الزام عاید کیاگیاتھا ،برطانوی امدادی ادارے نے اس الزام کی فوری طورپر تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کی دی ہوئی رقم خوردبرد نہیں کی گئی،جس کے بعد شہباز شریف اورعمران یوسف نے اخبار کے پبلشرا ور رپورٹر کے خلاف ہتک عزت کادعویٰ دائر کرنے کااعلان کیاتھا۔کم وبیش ایک سال قبل لندن ہائیکورٹ کے جج نے الزامات کو Chase Level 1 قرار دیاتھا جس کے معنی یہ تھے کہ اخبار کو شواہد پیش کرنے چاہئیں،میل نےکووڈ کی پابندیوں کا عذر پیش کرکے شواہد پیش کرنے کیلئے کم وبیش 5 مرتبہ مہلت حاصل کی، اے این ایل کے شواہد کا آغاز 2008 سے 2018 تک وزیراعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے حکومت پنجاب اور اس کے وسائل پر ان کے اختیارات سےکیاگیاہے اوراپنے مضمون کے حوالے سے میل کے پیش کردہ شواہد میں کہا گیاہے کہ ان کےپنجاب کے وزیراعلیٰ کے دور میں شہباز شریف اوران کی فیملی کے بینک اکائونٹس میں ان کے ایجنٹوں،کمپنیوں یا ایسوسی ایٹس کی جانب سے لانڈرنگ کئے گئے لاکھوں پونڈ کے فنڈز موصول ہوئے ،اس میں نصرت شہبازشریف،حمزہ شہباز شریف ،سلیمان شہباز شریف ،رابعہ عمران ،جویریا علی اور تہمینہ درانی کے نام دئے گئے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید