اسلام آباد( نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ تحریک عدم اعتماد آسان نہیں ، ملک کی بنیادیں ہل جاتی ہیں ، تاریخ میں پہلی بار غریب آدمی کو ریلیف ملا، بلاول کا مارچ اپنا مارچ ہے انہیں آنے دیں گھر کی بات گھر میں ہی رہ جائے گی۔ بدھ کو شہری دفاع کے عالمی دن کے حوالے سے محکمہ سول ڈیفنس اسلام آباد کے زیر اہتمام نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فائر ٹیکنالوجی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوزیر داخلہ نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار غریب آدمی کو ریلیف ملا ، اب ہمیں آٹا، گھی اور چینی میں بھی کوئی رعایت دینی چاہیے،وزیراعظم نے تاریخی ریلیف پیکیج دے کر عوام کے دل جیت لیے ،تحریک عدم اعتماد آسان نہیں، ملک کی بنیادیں ہل جاتی ہیں،جب بھی غریب آدمی کو کچھ ملتا ہے تو لوگ باتیں کرتے ہیں، بڑے آدمی کو ملتا ہے تو ایسا سوال نہیں کیا جاتا ، شہری دفاع کی اہمیت مسلمہ ہے ، سول ڈیفنس میں اب جدت لانے اور اسے جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔