اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمدنے جمعہ کو چیف کمشنر آفس کے سامنےجی الیون اور جی ٹین کے درمیان گرین ایریا میں خواتین بازار کا باقاعدہ افتتاح کر دیا لیکن پشاور مسجد میں خود کش دھماکہ کے اطلاع پر فوراً چلے گئے اور ڈپٹی کمشنر کو تقریب مکمل کرنے کی ہدایت کی ، میو نسپل کارپوریشن اسلام آباد کے سپورٹس اینڈ کلچر ونگ نے اڑھائی ماہ کی قلیل مدت میں یہ بازار تیار کیا ہے ،جس میں80سٹال تعمیر کیے گئے ہیں۔یہ خواتین بازار وفاقی دارالحکومت میں اپنی نوعیت کا پہلا کاروباری مرکز ہے ،جہاں دکاندار اور خریدار دونوں خواتین ہونگی،مردوں کا داخلہ صرف پارکنگ ایریا تک ہوگا،افتتاح کے موقع پر وفاقی وزیر نے کہاکہ قصہ خانی بازار میں خودکش حملہ ہوا ہے جس کی وجہ سے یہ فنکشن منسوخ کرتا ہوں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ دھماکے کی وجہ سے ہفتے کو لاہور کی تقریب بھی کینسل کر رہا ہوں۔