اسلام آباد (جنگ نیوز) سی ڈی اے انتظامیہ کی مبینہ غفلت اور ناقص صفائی کے انتظامات کے باعث ماڈل ٹاؤن ہمک کی مرکزی مسجد اور مرکزی قبرستان کے درمیان کوڑے کا ڈھیر جمع ہو گیا جس سے اہلِ علاقہ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ماڈل ٹاؤن ہمک کے رہائشیوں کے مطابق مرکزی مسجد اور مرکزی قبرستان کے عین درمیان کوڑے کا ڈمپر کھڑا ہے، جبکہ پورے علاقے میں گندگی اور کوڑے کے ڈھیر پھیلے ہوئے ہیں۔ اس صورتحال کے باعث مسجد میں نماز ادا کرنے کیلئے آنے والے نمازیوں اور قبرستان میں اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کے لیے آنے والے افراد کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ علاقے میں گندگی کے باعث تعفن پھیلنے سے ماحول بھی انتہائی ناگوار ہو چکا ہے۔ ماڈل ٹاؤن ہمک کے مکینوں کا سی ڈی اے انتظامیہ سے پُرزور مطالبہ ہے کہ کوڑے کے ڈمپر کو فوری طور پر یہاں سے منتقل کیا جائے، جمع شدہ کوڑا کرکٹ اٹھایا جائے اور مرکزی قبرستان سمیت اس کے اطراف کی مکمل صفائی کروائی جائے۔