اسلام آباد، کراچی، لاہور( نمائندہ جنگ، نیوز ایجنسیاں) قائد حزب اختلاف شہباز شریف، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، سابق صدر آصف زرداری ،جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، مریم نواز، علی زیدی، وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی و دیگر رہنماؤں نے کوچہ رسالدار، پشاور مسجد میں خود کش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کیا ہے،ن لیگ کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردی کی واپسی نیک فال نہیں، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نمازیوں کو نشانہ بنانا انسانیت پر حملہ ہے، فضل الرحمٰن نے کہا کہ نمازیوں پر حملہ کرنے والے مسلمان ہیں نہ انسان،سراج الحق نے کہا کہ عبادت گاہوں کو قتل گاہ بنانے والے حیوانوں سے بھی بدتر ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا کہ دہشت گردی کی واپسی نیک فال نہیں، اللہ تعالیٰ کے حضور سربسجود نمازیوں پر یہ اندوہناک حملہ کرنے والے نہ مسلمان ہو سکتے ہیں نہ ہی انسان ملک میں امن و امان کی سنگین ہوتی صورتحال لمحہ فکریہ ہے، طویل عرصے سے بار بار توجہ دلا رہا ہوں کہ سر اٹھاتی دہشت گردی پر سنجیدگی سے غور کی ضرورت ہے،دہشت گردی کی واپسی ملک وقوم کے لئے نیک فال نہیں،اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں مقام بلند عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے ۔