پشاور(نمائندہ جنگ)پشاورہائیکورٹ کے چیف جسٹس قیصررشید نے کہا ہے کہ عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ ہونا چاہیے کیونکہ یہ قوم کی امانت ہے اگر یہ ثابت ہو گیا کہ یہ پیسہ سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا تو متعلقہ افسران سے ریکوری کا حکم جاری کیا جائے گا۔ فاضل چیف جسٹس نے یہ ریمارکس گزشتہ روز صحت انصاف کارڈ پر پی ٹی آئی کے پرچم کا لوگو لگانے کیخلاف دائر رٹ پٹیشن کی سماعت کے دوران دیئے۔درخواست گزار نےعدالت سے استدعا کی کہ صحت کارڈ پر تحریک انصاف کا جھنڈا لگانے سے روکا جائے۔ فاضل بنچ چیف جسٹس اور جسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل تھا پر عدالت نے صوبائی حکومت کو 14 یوم کے اندر کمنٹس جمع کرنے کا حکم دیدیابنچ نے محمد طارق آفریدی ایڈوکیٹ کی وساطت سے دائر واحد خان خلیل ایڈوکیٹ کی رٹ پر سماعت کی جس میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، ہیلتھ منسٹر و ودیگرکو فریق بنایا گیا ہے۔ رٹ میں موقف اپنایاگیا کہ صوبائی حکومت نے 2016-17 میں صحت انصاف کارڈ کااعلان کیا جس پرپارٹی کا ایک مخصوص لوگو لگایا گیا، بعد میں منظوری دی گئی کہ صوبے کے تمام لوگ انصاف کارڈ سے مستفید ہوسکیں گے، درخواست گزار کے مطابق صحت کارڈ پر قومی پرچم کا لوگو ہونا چاہیے تاہم اس پر پی ٹی آئی کا پرچم لگایاجارہا ہے جو سیاسی مقاصد کیلئے ہے اورحکومت کا یہ اقدام بدنیتی پر مبنی ہے ۔