• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیو ایم نے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے، شاہ محمود

کراچی (اسٹاف رپورٹر‘ایجنسیاں) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم نے حکومت کو مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔

دوسری جانب ایم کیوایم پاکستان کے رہنماؤں عامر خان اور خالد مقبول صدیقی نے کہاہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے تحریکِ عدم اعتماد پر کوئی یقین دہانی مانگی نہ ہم نے کرائی‘ ہم حکومت کے اتحادی ہیں مگر ہمارے تمام آپشنز کھلے ہیں‘ملاقات میں تحریکِ عدم اعتماد پربات چیت نہیں ہوئی۔تحریک عدم اعتماد آنے کے بعد اپوزیشن کی کسی جماعت سے ہمارا رابطہ نہیں ہوا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے دورے پر آئے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے ایم کیو ایم پاکستان کے بہادر آباد میں قائم عارضی مرکز میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔

اس موقع پرایم کیو ایم پاکستان کے حق پرست اراکین اسمبلی نے وزیر اعظم کو استقبال کرتے ہوئے گلدستہ پیش کیا۔ عمران خان سے ملاقات کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سے کوئی شکوے شکایتیں نہیں کیں‘ ملاقات میں تحریکِ عدم اعتماد پربات چیت نہیں ہوئی‘عمران خان نے جو اندر باتیں کیں وہ ساری باتیں تو نہیں بتا سکتا‘ہم حکومت کے اتحادی ہیں مگر ہمارے آپشنز کھلے ہیں۔

دریں اثناءایم کیوایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کا یہ دورہ پہلے سے طے شدہ تھا ہماری ان سے ملاقات بڑی خوشگوار اور اچھے انداز میں ہوئی جو کہ ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی‘ہماری ملاقات کے دوران عمران خان نے عدم اعتماد کے حوالے سے کوئی گفتگو نہیں کی اور نہ ہی ہم سے یقین دہانی مانگی ہمارا جو بھی فیصلہ ہوگاوہ عوام ،شہری سندھ اور پاکستان کے بہترین مفاد میں ہوگا۔

ہمارے طے شدہ نکات میں سے کچھ پر عملدرآمد ہوا ہے جس میں مردم شماری اور حیدرآباد یونیورسٹی کا قیام شامل ہیں اور بہت سارے نکات پر عملدرآمد ہوناابھی باقی ہے جس پر انہوں نے یقین دہانی کروائی ہے‘ ہم نے وزیر اعظم سے کوئی بھی شکوے شکایت نہیں کئے۔خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ہم ساتھ نہیں ہیں تو عمران خان وزیراعظم نہیں رہتے ہیں۔

علاوہ ازیں بدھ کو وزیر اعظم عمران خان کی ایم کیو ایم قیادت کے ساتھ ہونیوالی ملاقات کے حوالے سے ایک بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ ملاقات میں ہم نے ساری سیاسی صورتحال کا جائزہ بھی لیا ۔

ایم کیو ایم ہماری حلیف جماعت ہے ہم ایک دوسرے سے تعاون کرتے آئے ہیں ۔ہم نے ان کے ساتھ آئندہ کی حکمت عملی وضع کی اور اسے حتمی شکل دی جبکہ ایم کیو ایم نے وزیر اعظم کی ذات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

ایم کیو ایم کی قیادت نے کہا کہ آپ بہادر آباد ہمارے گھر آئے ہیں ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ایم کیو ایم قیادت نے وزیر اعظم کے سامنے نہ کوئی مطالبہ رکھا اور نہ ہی کوئی شکوہ کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم ایم کیو ایم کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمیں بے پناہ عزت سے نوازا اور اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

اہم خبریں سے مزید