اسلام آباد (نمائندہ جنگ) عدالت عظمیٰ نے حیدر آباد (سندھ) سے 280کلوگرام چرس کی اسمگلنگ کے اینٹی نارکاٹیکس فورس کے مقدمہ میں ملوث ڈیوڈ یوسف اور سیلاس سیموئیل کو عدم شواہد کی بنا پر بری کردیا ہے،جسٹس سردار طارق مسعود نے کہا کہ سمجھ نہیں آتیANF کیا کر رہی ہے،انکو دو گواہ پیش کرتے ہوئےبھی موت پڑتی ہے ،جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں قائم تین رکنی بنچ نے سماعت تو ملزمان کے وکیل قاری عبدالرشید نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ اے این ایف منشیات کی سیف کسٹڈی اور ٹرانسمیشن ثابت نہیں کرسکی ہے ، ملزمان تو اپنے علاقے میں منشیات فروشوں کو روکتے تھے اور اسی کے باعث تو ان پر یہ مقدمہ بنایا گیاہے ،دوران سماعت عدالت نے مقدمہ کی ناقص تفتیش پر اینٹی نارکوٹکس فورس پر شدید برہمی کا اظہار کیا، جسٹس سردار طارق مسعود نے ریمارکس دیئے کہ مقدمہ میں اے این ایف نے بہت زیادتی کی ہے، سمجھ نہیں آتی کہ اے این ایف کیا کر رہی ہے،؟ اے این ایف والوں کو عدالت میں ملزموں کیخلاف دو گواہ پیش کرتے ہوئے بھی موت پڑتی ہے۔