اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشیداحمدنے کہاہے کہ قومی اسمبلی کااجلاس بلانے کااختیاراسپیکرکوحاصل ہے‘ا سپیکرکافیصلہ کسی عدالت میں چیلنج نہیں ہوسکتا اوراسپیکرجوبھی فیصلہ کریں گے وہ قانونی اورآئینی فیصلہ ہوگا‘.
اسلام آبادمیں ایک وقت میں دوجلسے ہوئے تووزارت داخلہ بہتری کاراستہ نکالے گی‘وزیراعظم کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑاہوں اوروزیراعظم جیتیں گے‘جو عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑا ہو گا اللہ بھی اس کو عزت دے گا اورقوم بھی اس کو عزت دے گی‘‘اتحادیوں کومشکل وقت میں حکومت کاساتھ دیناچاہئے ۔
انصار الاسلام یاکوئی ملیشیا اسلام آبادآئیگی تواسے کچل دیا جائے گا۔ اتوار کویہاں میڈیاسے گفتگو میں وزیرداخلہ نے کہاکہ15تاریخ کے بعد وزیراعظم عمران خان کی پوزیشن مزیدواضح ہوجائیگی۔
عمران خان کہیں نہیں جارہے اوروہ پانچ سال پورے کریں گے‘ وزیرداخلہ نے کہاکہ ملک انارکی کی طرف جارہاہے،ہمیں جمہوریت کی طرف جانا ہے،ہمیں تلخیوں کی طرف نہیں جانا چاہئیے،آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد میں فوج بھی طلب کی جاسکتی ہے تاہم اس کی ضرورت نہیں ہوگی اورمعاملات خوش اسلوبی سے حل ہوں گے۔
دریں اثناءپارلیمنٹ ہائوس میں اوورسیز پاکستانیوں کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہناتھاکہ بلاول کے علاوہ جس کو سکیورٹی چاہیے وہ بتائے‘ اپوزیشن عدم اعتماد لانے کی وجہ بتائے دوست وہ ہے جو امتحان میں دوست کے ساتھ کھڑا ہو اگر مصیبت آئے تو عمران خان کے ساتھ کھڑے ہو جائو۔دنیا میں اس سے بڑی بے وقوف اپوزیشن نہیں دیکھی ۔ اس ملک میں 15تاریخ کے بعدسیاست شروع ہو رہی ہے۔