واشنگٹن (جنگ نیوز )ایران سے عراق میں امریکی قونصل خانے پر میزائلوں سے حملے کیے گئے، ایران کی پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ یہ حملے اسرائیل کے ’حالیہ جرائم‘ کے بدلے میں کیے گئے تھے جن میں ’صیہونی سازش کے سٹریٹجک مرکز‘ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا۔دوسری جانب امریکی ذرائع نے ان حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کسی امریکی کو نقصان نہیں پہنچا ، عرب میڈ یا کے مطابق شمالی عراق کے خود مختار علاقے کردستان کے دارالحکومت اربیل اور وہاں موجود امریکی قونصل خانے کو 12 بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ یہ میزائل عراق کے باہر سے داغے گئے تھے۔دوسری جانب امریکی سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے سینئر ریپبلکن رکن مارکو روبیو نے غالب گمان ظاہر کیا ہے کہ یہ بم باری، شام میں اسرائیلی حملے میں ایرانی پاسداران انقلاب کے دو افسران کی ہلاکت کے جواب میں کی گئی ہے،اتوار کی صبح عراقی سیکورٹی حکام نے اعلان کیا کہ شمالی عراقی کردستان کے علاقے اربل پر بیلسٹک میزائل داغے گئے ہیں۔