• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاڑکانہ یونیورسٹی کے قائم مقام وی سی حاکم ابڑو کو گرفتار کرنے کا حکم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے عدالتی احکامات کے برعکس چارج نہ چھوڑنے پر قائم مقام وائس چانسلر شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی لاڑکانہ حاکم ابڑو اور ڈین آف فیکلٹی اینمل پروڈکشن اینڈ ٹیکنالوجی سکرنڈ احمد سلطان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں اور ایس ایس پی لاڑکانہ کو حکم دیا ہے انہیں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کریں جبکہ عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ ہونے پر سیکرٹری یونیورسٹی اینڈ بورڈ کو عدالت طلب کر لیا ہے۔ جسٹس آفتاب احمد گورڑ کی سربراہی میں بنچ کے روبرو شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی لاڑکانہ اور ڈین آف فیکلٹی اینمل پروڈکشن اینڈ ٹیکنالوجی سکرنڈ کو جبری رخصت پر بھیجنے کیخلاف ڈاکٹر پروفیسر انیلا عطاء الرحمٰن اور ڈاکٹر فاروق حسن کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ درخواست گزاروں کو ان کے اہم عہدوں سے محروم رکھنے کیلئے کوئی مواد بھی ریکارڈ پر موجود نہیں ہے۔ لہٰذا انصاف کا تقاضہ ہے کہ دونوں درخواست گزار اپنی یونیورسٹیز میں وائس چانسلر کے فرائض سرانجام دیتے رہیں۔ عدالت نے قائم مقام وائس چانسلر شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی لاڑکانہ حاکم ابڑو اور ڈین آف فیکلٹی اینمل پروڈکشن اینڈ ٹیکنالوجی سکرنڈ احمد سلطان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ عدالت نے ایک لاکھ ایک لاکھ روپے کے عوض قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے ۔
اہم خبریں سے مزید