کراچی (ٹی وی رپورٹ) بلاول بھٹوزرداری نے اپنی اردو کا مذاق اڑانے پر وزیر اعظم پر جوابی وار کردیا ہے، بلاول نے عمران خان کی غلطیوں اور ان پر بننے والی میم شیئر کردیں ۔بلاول نے پوسٹ کے ساتھ طنزیہ تبصرہ بھی کیا "وزیر اعظم مجھے اردو سکھاتے ہوئے "۔بلاول بھٹو نے اپنی ٹوئٹ میں عمران خان کی اردو اور تاریخ کے حوالے سے غلطیوں کی ویڈیوز شیئر کیں ۔ ایک ویڈیو میں دکھایا گیا کہ عمران خان خطاب کے دوران روحانیت کا لفظ صحیح طورپر ادا نہیں کرسکے اور روحانیت کو ”رؤنیت “کہتے دکھائی دیئے، اسی طرح وزیراعظم حلف اٹھانے کی تقریب میں خاتم النبیین کا لفظ کہتے ہوئے مشکل کا شکار نظر آئے اور خاتم النبیین کو ”خاتم النبیولین“ کہہ دیا، جشن میلاد النبی کی ایک تقریب میں عمران خان کہتے سنائی دیئے کہ باقی پیغمبر اللہ کے آئے لیکن ہیومن ہسٹری میں ان کا ذکر ہی نہیں ہے ،حضرت موسیٰ کا ہے لیکن حضرت عیسیٰ کا تو ہسٹری میں ذکر ہی نہیں ہے ۔اسی طرح ایک جگہ خطاب میں نیپال کا شہر کٹھمنڈو کہنے کے بجائے گڑبڑا کر کٹھمنڈو کا نیپال کہہ گئے۔ وزیراعظم ایک جگہ ٹرین کی تیزرفتاری کا ذکر کرتے ہوئے یہ کہہ بیٹھے کہ ”جو اگلی ٹرین بنارہے ہیں وہ شاید 2گھنٹے میں پہنچادیں کیوں کہ وہ اسپیڈ کی لائٹ سے بھی زیادہ تیز ہوگی “ ۔ یہاں تک کہ ایک تقریر میں وہ یہ بھی کہہ گئے کہ ”ملک کو عمران خان سے بچانا ہے“۔ایک تقریر میں وہ اتنے کنفیوژ ہوئے کہ کافی کوشش کے بعد بھی جملہ مکمل نہیں کرسکے اور صرف اتنا کہہ کر رہ گئے کہ ”ُپی ڈی ایم کے جتنے یہ بڑے بڑے ، ان کے جو……“۔