• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور خودکش دھماکا، شہداء کے لواحقین کیلئے معاوضوں کی منظوری

پشاور(نمائندہ جنگ) خیبر پختونخوا حکومت نے کوچہ رسالدار خودکش دھماکہ کے شہدا کے لواحقین کیلئےفی کس 20لاکھ روپے معاوضہ کی منظوری دیدی ، شدید زخمیوں کو 5 لاکھ اور معمولی زخمیوں کو 2،2 لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گی ،وزیراعلیٰ محمود خان نے معاوضہ کے چیک تین دن میں تیار کرنے کی خصوصی ہدایت جاری کی ہے۔ خیبر پختونخوا کابینہ کا اجلاس وزیر اعلیٰ محمود خان کی صدارت میں منعقد ہوا ، بعد ازاں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی حکومت کے ترجمان بیرسٹر محمد علی سیف نے بتایا کہ کابینہ نے الپوری شانگلہ میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں جاں بحق 6 افراد کے لواحقین کو بھی فی کس 10 لاکھ روپے دینے کی منظوری دیدی، وزیراعلیٰ کی ہدایات پر صحت کارڈ تحت بون میرو کا علاج بھی شامل کیا جا رہا ہے،کابینہ نے پشاور ہائی کورٹ کی فیصلے کی روشنی میں ضلع خیبر میں بمباری کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کو فی کس 10 لاکھ روپے فراہمی کی منظوری دی ۔ صوبائی کابینہ نے یہ فیصلہ بھی کیا ہے کہ سرکاری اراضی سے متعلق صوبائی حکومت کے فیصلے کے خلاف جو بھی سرکاری ملازم عدالت میں مقدمہ لے کر جائیگاتو اس کے خلاف سخت تادیبی کارروائی ہو گی، کابینہ نے مردان میں اسپیشل ٹیکنالوجی زون کے قیام کیلئے 1200 کینال اراضی محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی و انفارمیشن ٹیکنالوجی کو منتقل کرنے کی مشروط منظوری دیدی ہے، کابینہ نے پشاور میں گندھارا ڈیجیٹل کمپلیکس کے قیام کیلئے حاجی کیمپ میں محکمہ خوراک کے گودام کی 25 کینال اراضی محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی و انفارمیشن ٹیکنالوجی کوبھی منتقل کرنے کی منظوری دی۔
اہم خبریں سے مزید