کراچی (اسٹاف رپورٹر) آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز کا کہنا ہے کہ پچ اچھی تھی ، دوسری اننگز میں پاکستان اچھا کھیلا لیکن ہمیں جو مواقع ملے ہم ان سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔ ڈراپ کیچ ڈراپ ہونے سے جیت ممکن نہ ہوسکی۔ البتہ مجھے اپنے کھلاڑیوں پر فخر ہے۔ ورچوئل پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک دو چانس مس کئے، نہ کرتے تو نتیجہ مختلف ہوسکتا تھا، یہ ایک کافی اچھا ٹیسٹ ہوا ہے،امید تھی کہ وکٹ پر چوتھے اور پانچویں روز بریک ملے گا، پاکستان نے اچھی کرکٹ کھیلی، پاکستان کو کریڈٹ جاتا ہے۔ بابر اعظم، رضوان، عبداللہ شفیق نے اچھی بیٹنگ کی، اگر ہم کیچز پکڑ لیتے تو صورتحال مختلف ہوسکتی تھی ۔ ہم نے ابتدائی تین روز میچ پر کنٹرول رکھا تھا۔ لاہور میں اگلا میچ ہے، کوشش کریں گے اس میں وہ غلطیاں نہ کریں جو یہاں کیں۔ آخری اوورز میں اسپنرز کو لگانا ہی بہترین آپشن تھا،لیکن نتیجہ اپنے حق میں نہ کرسکے۔