اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہاہےکہ وزیر اعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کے لیے اپوزیشن کو 190 ارکان کی حمایت حاصل ہے.
اسپیکر قومی اسمبلی نے کئی ارکان کو وفود کی شکل میں غیر ملکی دوروں پر بھیج دیا ہے مگر انشا ء اللہ ہم کامیاب ہونگے ،پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کےصدر ، پی پی پی کے وائس چیئر مین آصف علی زرداری نےلانگ مارچ میں شرکت کی دعوت قبول کر لی ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی کو پی ڈی ایم میں واپس لینے پر شکریہ ادا کیا ہے۔
سابق صدر بدھ کی رات مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کیلئے اکرم خان درانی کی رہائش گاہ پر گئے ۔ آصف زرداری کے ہمراہ رخسانہ بنگش بھی تھیں جبکہ جے یو آئی کے مولانا عبدالغفور حیدری ،مولانا صلاح الدین ایوبی اور انجینئرضیاء الرحمان بھی موجودتھے۔
مولانا فضل الرحمان نے آصف علی زرداری کا استقبال کرتے ہو ئے کہاکہ میں نے لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دینے کیلئے آپ کے پاس آنا تھا مگر آپ خود ہی تشریف لےآئے خوش آمدید کہتا ہوں۔ جس پر آصف علی زرداری نے کہا کہ آپ کی دعوت سے پہلے ہی ہم نے لانگ مارچ میں شرکت کا فیصلہ کر لیاتھا ۔
اس ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال بالخصوص تحریک عدم اعتماد اور حکومت کے رویہ کا جائزہ لیا گیااور عدم اعتماد کی تحریک کو کامیاب بنانے کیلئے حکومتی ریکاوٹوں کو دور کرنے اور آئینی طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا گیا.
دونوں رہنمائوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ ہمارے نمبر پورے ہیں اور تحریک عدم اعتمادہر صورت کامیاب ہو گی۔دونوں رہنمائوں کی ملاقات کے بعد اپوزیشن رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں آصف علی زرداری، شاہدخاقان عباسی اور دیگر رہنما شریک تھے۔