کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران نیازی کی تقریریں نوجوانوں کے اخلاق اور تربیت خراب کر رہی ہیں۔ احسن اقبال نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج پھر عمران خان نے کنٹینر کی تقریر دہرائی ہے۔وزیراعظم قانون کی حکمرانی کی دھجیاں بکھیر رہا ہے جبکہ وزیراعظم سپریم کورٹ کے فیصلے تک نہیں مانے جاتے اور اب ان کی بندوق کے نشانے پر الیکشن کمیشن ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے منع کرنے کے باوجود سوات میں جلسہ کیا، کمیشن ان کو نا اہل کرے ورنہ ہر طاقت ور قانون کا مذاق اڑاے گا۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ غریب ادویات نہیں خرید سکتا جبکہ تقریروں سے مہنگائی کم نہیں ہوتی لیکن پھر بھی وہ چار سال سے یہی تقاریر اور اداکاری کررہے ہیں۔ عمران کے ساتھ کھڑے ہونے کا مطلب مہنگائی، بیروزگاری اور جھوٹوں کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔