• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

آزاد کشمیر کے وزیراعظم کا ریکارڈ ترقیاتی کام کرنے کا عزم

وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی کا کہنا ہے کہ میرپور میں اکنامک زون کیلئے 2ارب 24کروڑ روپے ، مانسہرہ، مظفرآباد ، میرپور ٹرپل ایم شاہراہ، رٹھوعہ ہریام بریج اور گریٹر واٹر سپلائی کی تکمیل ، منگلا جھیل کے اطراف میں پارکس کا قیام ، متاثرین زلزلہ 24ستمبر 2019 کو معاوضہ جات کی ادائیگی ، متاثرین منگلا ڈیم توسیع منصوبہ ‘‘کے 8080ذیلی کنبہ جات کی نیو سٹی ، اسلام گڑھ چکسواری ، ڈڈیال اور سیاکھ میں آبادکاری کیلئے فیز وائز پی سی ون کی تیاری کی اصولی منظوری ، ایوارڈ شدہ رقبہ کے معاوضہ پر سالانہ 6فیصد منافع ، ڈڈیال میں مسٹ یونیورسٹی کے قیام سمیت ان منصوبہ جات سے متعلق مسائل کے حل کی منظوری دے دی ہے۔ 

میں اعلان پر نہیں بلکہ عمل کرنے پر یقین رکھتا ہوں۔ ان دیرینہ عوامی مسائل پر جلد پیش رفت ہوگی ۔ حکومت آزاد کشمیر کے ابتدائی 6ماہ کی ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں زیادہ فوکس پونچھ اور مظفرآباد ڈویژنز پر رہا۔ اس سلسلہ میں آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑا ضلع کوٹلی بھی حکومتی ثمرات سے مستفید ہوا لیکن اب پہلی مرتبہ تارکین وطن کے شہر میرپور پر حکومت آزاد کشمیر نے توجہ دی ہے۔ اگر آنیوالے دنوں میں پاکستان کے سیاسی حالات میں غیر معمولی ہلچل سے آزاد کشمیر سیاسی عدم استحکام کا شکار نہ ہوا تو توقع کی جا رہی ہے کہ پونچھ اور مظفرآباد ڈویژنز کی طرح میرپور ڈویژن میں بھی اربوں روپوں کی ترقیاتی پراجیکٹس کی تکمیل سے یہاں کی عوام کو ریلیف ملے گا۔ 

تاہم اسلام آباد میں حکمران جماعت PTIاور اپوزیشن جماعتوں کے مابین جاری اقتدار کی رسہ کشی کے اثرات آزاد کشمیر پر بھی مرتب ہو رہے ہیں ۔ آزاد کشمیر میں پاکستان کی بڑی سیاسی جماعتوں کی شاخیں بھی اپنے قائدین سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتی نظر آرہی ہے۔ اس سلسلہ میں وزیراعظم سردار عبدالقیوم خان نیازی کی سربراہی میں آزاد جموں و کشمیر کابینہ کے خصوصی اجلاس میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے عمران خان سے ان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کے موقع پر اظہا ریکجہتی کیلئے متفقہ طور پر قراداد منظور کی گئی ہے۔ 

جبکہ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں چیرمین وزیراعظم معائنہ و علمدرآمد کمیشن راجہ منصور خان کی قیادت میں ’’عمران خان PTIکشمیر آپ کیساتھ ہے‘‘ کے سلوگن سے اظہار یکجہتی ریلی نکالی اور دوران خطاب اپوزیشن جماعتوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔ دوسری جانب وزیراعظم پاکستان عمران خان کے اپوزیشن قائدین کیخلاف غیر اخلاقی زبان کے استعمال پر PPPآزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل راجہ فیصل ممتاز راٹھور اور ن لیگ کے مرکزی راہنما سابق وزیر مشتاق احمد منہاس سمیت اپوزیشن رہنمائوں کی علیحدہ پریس کانفرنسز میں عمران خان کی تقریر پر سخت رد عمل کا اظہار کیا گیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر و ممبر اسمبلی چوہدری محمد یاسین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان حکومت ہاتھ سے جاتی دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں۔ عمران خان کی جانب سے آصف علی زرداری کو دھمکیاں اور اخلاق سے گری ہوئی گفتگو کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔ جیالوں کے میدان میں آنے کے بعد عمران خان کی چیخیں نکل رہی ہیں۔ عمران حکومت چند دنوں کی مہمان ہے ۔ 

اب دنیا کی کوئی طاقت اسے سہارہ نہیں دے پائے گی۔ عمران خان حکومت کیخلاف عدم اعتمادکی تحریک آنے کے باعث جہاں آزاد کشمیر کا سیاسی درجہ حرارت اپنے نقطہ عروج پر ہے وہاں قومی معاملات میں حکومت اور اپوزیشن ایک پیج پر نظر آتی ہے۔ آل پارٹیز کشمیر کانفرنس (APKC) کے فیصلوں کی روشنی میں صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے APKCکی مشاورت سے آج 17مارچ بروز جمعرات مظفرآباد میں ایک بڑی کشمیر ریلی نکالنے کا پروگرام ترتیب دیا ہے جس میں تمام جماعتوں کے سربراہان اور عوام شرکت کرکے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور وہاں جاری مظالم کو بے نقاب کریں گے۔ 

اسکے بعد مرحلہ وار دنیا کے مختلف ممالک میں بھی کشمیر ریلیاں نکالی جائیں گی ۔بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے سیکرٹری سابق صدر آزاد کشمیر کے ایچ خورشید ( خورشید حسن خورشید ) کی 34ویں برسی انتہائی عقیدت و احترام کیساتھ منائی گئی اور انکی قومی خدمات پر انھیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ چیف جسٹس آزاد جموںو کشمیر سپریم کورٹ جسٹس راجہ سعید اکرم خان عمرہ کی سعادت حاصل کرنے سعودی عرب پہنچ گئے ہیں جہاں سعودی حکومت و پاکستان قونسلیٹ کے عملہ نے ان کا استقبال کیا۔ 

روانگی پر صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس خواجہ محمد نسیم سے ایوان صدر مظفرآباد میں قائم قام چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیا۔ آزاد کشمیر میں ماہ رمضان کی آمد سے قبل ہی اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے۔ جس سے اس ماہ بابرکت میں ایک عام شہری کیلئے جہاں سحری اور افطاری ایک خواب نظر آرہا ہے وہاں رزق حلال سے روح اور جسم کا رشتہ برقرار رکھنا محال ہوتا جا رہا ہے۔ 

بیرون ممالک کرسمس کے تہوار پر 70فیصد تک قیمتوں میں کمی لائی جاتی ہے تاکہ عام شہری بھی اس تہوار کو بھرپور طریقے سے منا سکیں لیکن ہمارے ہاں سال بھر کی کمائی ماہ رمضان اور عیدین پر کرنے کا چلن سمجھ سے بالاتر ہے۔ اسلئے آزاد کشمیر بھر کے اضلاع اور تحصیل لیول پر قائم پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کردار ادا کرتے ہوئے آرام دہ دفاتر سے باہر نکلنا ہوگا تاکہ عام شہریوں کو ریلیف مل سکے۔

تجزیے اور تبصرے سے مزید
سیاست سے مزید