کراچی (اسٹاف رپورٹر ) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا نے کہا ہے کہ کراچی میں بہترین ٹیسٹ میچ دیکھنے کو ملا، ٹیسٹ کرکٹ کی حقیقی خوبصورتی دیکھنے کو ملی۔ ایسے میچز آپ کے کردار اعصاب اورٹیم کا امتحان لیتے ہیں۔ امید ہے آخری ٹیسٹ میں حوصلے کے ساتھ کم بیک کریں گے ۔ اس ٹیسٹ کی کارکردگی سے پاکستان کے حوصلے بلند ہوئے ہوں گے۔ پوری ٹیم کا ایک ہدف تھا ، میچ نہیں ہارنا ہے۔ ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دو دن کھیلنا تھا اور انہوں نے کرکے دکھایا ۔یہ میچ بچانے کے مقصد کیلئے تاریخ میں پاکستان کی بہترین بیٹنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا نے دبائو رکھا ، آخری وقت تک ہار نہیں مانی۔ دنیا کی نظریں اس میچ پر جم گئی تھیں ۔ بابر اعظم نے پریشر میں اپنے کیریئر کی بہترین اننگز کھیلی۔ عبداللہ شفیق کی شکل میں ایک اچھا اسٹار ملا ہے ، وہ پاکستان کا اثاثہ ہیں، محمدرضوان نے ٹیل کے ساتھ بہت اچھی کرکٹ کھیلی۔ آسٹریلیا نے بھرپور زور لگایا۔