کراچی (جنگ نیوز) صنف نازک پر ٹوٹتے درد کی ترجمانی کرتی ڈرامہ سیریل ”انتقام“ کی آخری قسط جمعرات کی شام 7بجے ”جیو ٹی وی“ سے نشر کی جائے گی۔ سائرہ عارف کی تحریر اور زاہد محمود کی ہدایات میں تخلیق کئے گئے اس سیریل میں اپنے ہی رشتوں میں محبت کو اجنبی ہوتے دکھایا گیا۔ پرانی رنجشوں اور جائیداد کے تنازع پر ایک خاندان پر ٹوٹنے والے ستم کی کربناک کہانی نے بھی لوگوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ قمر ناشاد کی شاعری اور نوید ناشاد کی حسین کمپوزیشن نے نبیل شوکت اور فضا جاوید کی مدھر آوازوں کے ساتھ ڈرامہ سیریل کے ساؤنڈ ٹریک میں کرداروں کے احساسات کی بھی انتہائی خوبصورتی سے ترجمانی کی ہے۔ پروڈیوسرز عبداللہ کادوانی اور اسدقریشی نے اپنی اس پیشکش میں نفرتوں کے ساگر کو نشیب و فراز سے گزار کر محبت کی منفرد راہ دکھائی۔ پہلی ہی قسط سے ناظرین کی توجہ حاصل کرنے والی اس کہانی میں ہمایوں اشرف، عروبا مرزا، عاصم محمود، حارث وحید، عدلاخان، منزہ وقاص، یاسر شورو، شبیر جان، نور الحسن، زینب قیوم، نوید رضا، صائمہ، ہاشم بٹ، فرح ندیم اور صدف نے اپنی شاندار اداکاری کے ایسے جوہر دکھائے ہیں جو ناظرین کو تادیریاد رہیں گے۔