اسلام آ باد (نیوز رپورٹر)سی ڈی اے نے اسلام آ باد ہائی کورٹ کی ہدایت پر اسلام آ باد سے جمع ہونے والے کوڑا کرکٹ کو تلف کرنے کا مستقل انتظام کرنے کیلئے وزارت منصوبہ بندی و ترقیات سے رجو ع کر لیا۔ سیکرٹری کابینہ ڈویژن کی سر براہی میں قائم کمیٹی اس کیلئے اپنی سفارشات دیگی جسے ہائی کورٹ میں پیش کیا جا ئیگا۔ ان سفارشات کیلئے 31مارچ کی ڈیڈ لائن مقرر ہے۔ اسلام آ باد سے روزانہ تقریباً650سے700ٹن کوڑ اکرکٹجمع ہوتا ہے۔ اس وقت یہ کوڑا کرکٹ سی ڈی اے سیکٹر آئی بارہ میںڈالتا ہے لیکن اب سی ڈی اے نے اس سیکٹر کی ڈویلپمنٹشروع کردی ہے۔ عارضی طور پر سی ڈی اے کے پلاننگ ونگ نے سیکٹر ایچ سولہ تھری کی سائٹ تجویز کی تھی لیکن وہاں کے تعلیمی اداروں نے اس فیصلہ کو ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔ ہائی کورٹ نے ابزرویشن دی ہے کہ رہائشی سیکٹرز میںکوڑ اڈالنے کا کوئی جوا زنہیں کیونکہ اس سے سنگین ماحو لیاتی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ ہائی کورٹ کے حکم پر سیکرٹری کابینہ ڈویژن کی سر براہی میںہائی پاور کمیٹی بنائی گئی ہے جس میں سیکرٹری ماحولیات ‘ ڈی جی ای پی اے اور چیئر مین سی ڈی اے وغیرہ شامل ہیں۔ ذ رائع کے مطابق سی ڈی اے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹکمپنی کے ساتھ ایم او یو سائن کرے گا جس کے تحت راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سی ڈی اے کو مندرہ کے قریب سائٹ میں400 کنال اراضی کی سائٹ دے گی۔ یہ پراجیکٹ پبلک پر ائیویٹ پارٹنر شپ ماڈل پر مکمل کرنے کی تجویز ہے۔اس کیلئے وزارت منصوبہ بندی و ترقیات کیس پراسیس کر رہی ہے۔