• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی جی اسلام آباد نے ایس ایس پی سکیورٹی،آپریشنز بلاک کا افتتاح کیا

اسلام آباد ( ایوب ناصر ،خصوصی نامہ نگار ) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ایس ایس پی سکیورٹی/آپریشنز بلاک کا افتتاح کر دیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا ،ایس پی سکیورٹی آپریشنز سلمان ظفر اور دیگر پولیس افسران موجود تھے۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ نئے سکیورٹی ونگ کے قیام سے حساس تنصیبات، اہم مقامات اور خصوصی تقریبات کی سکیورٹی مزید مؤثر ہوگی۔سکیورٹی اُمور کی بہتر مانیٹرنگ، مربوط حکمتِ عملی اور فوری رسپانس ممکن ہوگا جبکہ سکیورٹی آپریشنز میں ہم آہنگی، پیشہ ورانہ صلاحیت اور کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہے۔آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ایس ایس پی پرزنز اسلام آباد علی اکبر اور ایس ایس پی SWAT فورس کلیم اللہ خٹک کے ساتھ ملاقات کی،انہوں نے ایس ایس پی پرزنز سے اسلام آباد ماڈل جیل کے تعمیراتی کام کے حوالے سے بریفنگ لی اور انہیں تعمیراتی کام کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے ہدایات جاری کیں ۔ مزید برآں آئی جی اسلام آباد نے SWAT فورس کی ورکنگ کو موثر بنانے اور اسلام آباد کو مزید محفوظ کرنے کے حوالے سے بھی احکامات جاری کئے۔آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے نمازِ تراویح کے دوران مختلف مساجد و امام بارگاہوں کے سکیورٹی انتظامات کا ازخود جائزہ لیتے ہوئے ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسران سے فرداً فرداً ملاقات کی ۔
اسلام آباد سے مزید