اسلام آباد(عاطف شیرازی )یوٹیلیٹی اسٹورزکارپوریشن نے آٹھ ماہ بعد مقامی سطح پر چینی کی خریداری کرلی-کارپوریشن نے 9ہزار میٹرک ٹن چینی 81.90روپےفی کلو کے حساب سے خریدی ہے-مقامی سطح پر مزید پچاس ہزار میٹرک ٹن چینی کی خریداری کیلئے ٹینڈر بھی جاری کردیا گیا-ذرائع نے "جنگ"کو بتایا ہے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے مقامی سطح پر پچاس ہزار میٹرک ٹن چینی کی خریداری کیلئے ٹینڈر جاری کیا تھا جس کے تحت ایک شوگر مل سے نو ہزار میٹرک ٹن چینی اکیاسی روپے نوے پیسے فی کلو کے حساب سے خریدی گئی ہے تاہم اخراجات ملاکر کارپوریشن کو چینی تقریبا 90روپے فی کلو میں پڑے گی-کارپوریشن نے رمضان المبارک میں چینی کی دستیابی یقینی بنانے کے اقدامات کے تحت مقامی سطح پر مزید پچاس ہزار میٹرک ٹن چینی کی خریداری کیلئے ٹینڈر بھی جاری کیا ہے جو چار اپریل کو کھولا جائے گا-اس سے قبل یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے درآمدی چینی کے باعث مقامی سطح پر خریداری کا عمل روکا تھا-آخری بار یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے مقامی سطح پر چالیس ہزار میٹرک ٹن چینی جولائی 2021ءمیں 90روپے کلو کے حساب سے خریدی تھی تاہم اخراجات ملاکر ادارے کو چینی ایک سو روپے فی کلو میں پڑی تھی-وزیر اعظم ریلیف پیکچ کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز پر اس وقت چینی کی قیمت پچاسی روپے فی کلو مقرر ہے-