• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم سیاسی حریف،دشمن نہ بنیں،سب آئین کے وفادار ہیں، احسن اقبال

کراچی (ٹی وی رپورٹ) سیکرٹری جنرل ن لیگ احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان سیکیورٹی تھریٹ والا خط اپوزیشن کو دکھائیں تو سب مل کر اس چیلنج کا مقابلہ کریں گے، عمران خان ہجوم میں کاغذ لہرانے کے بجائے اس پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں، پرامید ہوں ایم کیو ایم حکومت کے ساتھ نہیں جائے گی، احسن اقبال نے جیب سے ایک کاغذ نکال کر دکھاتے ہوئے کہا کہ میں اگر بتادوں کہ عمران خان کی مدد کیلئے کن ذرائع سے فارن فنڈنگ آئی ہے تو آپ کی پاکستانیت کانپ جائے گی۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں آزاد رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی، پیپلز پارٹی کے رہنما مصطفی نواز کھوکھراور نمائندہ خصوصی جیو نیوز اسلام آباد اشر ف ملخم بھی شریک تھے۔دریں اثنا ءن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے جیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب غداراور کافر بنانے کے سرٹیفکیٹ نہیں بانٹنے، ہم سب مل کر ملک کو بحرانوں سے نکالیں ، ہم سیاسی حریف ہوں ، دشمن نہ بنیں،سب آئین کے وفادارہیں،قوم کو یہ بتا رہے ہیں کہ میں کوئی قائد اعظم ثانی اور علامہ اقبال ثانی ہوں اور باقی پاکستان کی قیادت چور، ڈاکو، غدار ، کافر ہیں معاف کیجئے یہ رویہ جمہوریت کا رویہ نہیں ہے ۔ جمہوریت یہ سکھاتی ہے کہ ہم سیاسی حریف ہوں لیکن دشمن نہ بنیں ہم سب پاکستان ہیں ۔ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی،پی ٹی آئی ، جماعت اسلامی، جے یو آئی، اے این پی،بی این پی یا جتنی بھی پارٹیاں ہیں سب کے اپنے منشور ہیں ۔ سب آئین پاکستان کے وفادار ہیں سب پاکستان کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں ہمارے سیاسی نظریات جدا ہوسکتے ہیں ہماری پالیسیوں میں فرق ہوسکتا ہے لیکن پاکستان کی کسی سیاسی جماعت کی پاکستان سے کمٹمنٹ پاکستان کے بہتر مستقبل سے کمٹمنٹ عوام کی غربت، بیروزگاری ختم کرنے سے کمٹمنٹ میں کوئی فرق نہیں ہے۔ لہٰذا اب ہمیں غدار بنانے کافر بنانے کے سرٹیفکیٹ نہیں بانٹنے ہیں ۔ ہمیں ملک کے اند ر اتحاد،یکجہتی کو فروغ دینا ہے تاکہ ہم سب مل کر ملک کو ان بحرانوں سے نکالیں جن میں عمران خان آپ نے پاکستان کو پھینک دیا ہے۔ اسلم بھوتانی نے کہا کہ ق لیگ میں تقسیم کے بعد مجھے اب اپنا فیصلہ خود کرنا ہوگا، آصف زرداری کو ناراض نہیں کرسکتا،اختر مینگل کے ساتھ سیاست سے ہٹ کر گھر والی بات ہے، پاکستان کیخلاف غیرملکی سازش ہورہی ہے تو وزیراعظم کو پارلیمنٹرینز کو اعتماد میں لینا چاہئے۔مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی کا ٹکٹ بوجھ ہوگا، پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے سے پی ٹی آئی میں تقسیم پیدا ہوجائے گی، ممکن ہے پرویز الٰہی پنجاب اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل نہ کرسکیں، شفاف الیکشن کیلئے ضروری ہے کہ اس وقت جو غیرجانبداری نظر آرہی ہے وہ قائم رہے۔ اشر ف ملخم نے کہا کہ طارق بشیر چیمہ کو حکومت کا ساتھ دینے پر شدید اعتراض ہے۔

اہم خبریں سے مزید