مقبوضہ بیت المقدس (اے ایف پی) امریکی وزیرخارجہ اینٹونی بلنکن ، اسرائیل اور چار عرب ممالک کے اعلیٰ سفارتکاروں کے درمیان تاریخی اجلاس پیر کے روز اختتام پذیر ہوگیا جس میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ، اسرائیل نے کہا ہے کہ یہ مذاکرات اس کے دیرینہ حریف ایران کیلئے ایک سخت پیغام بھیجے گا ۔ اسرائیل اور عرب ممالک متحدہ عرب امارات، بحرین ، مراکش اور مصر کے وزراء خارجہ کے درمیان مذاکرات پہلی بار اسرائیلی سرزمین پر ہوئے ۔ اسرائیلی وزیرخارجہ یائر لاپیڈ نے کہا کہ ہمارے درمیان نئی پیش رفت اور تعلقات سے ہمارے مشترکہ دشمن جس میں سر فہرست ایران اور اس کی پس پردہ طاقتوں کیلئے ڈر اور خوف کا ایک پیغام ہے ۔ ایران سے متعلق انہوں نے کہا کہ فی الوقت ایران خوفزدہ ہے ۔ دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے وزیرخارجہ عبداللہ بن زید النیہان نے دو روزہ اجتماع کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم یہاں بیانیہ تبدیل کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور ایک مختلف مستقبل تشکیل دے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ اس دور وزہ اجلاس کے آغاز پر اتوار کے روز شمالی اسرائیل میں ایک مسلح حملے میں دو پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے تھے جس کی ذمہ داری داعش نے قبول کی ہے ۔