پشاور(وقائع نگار)ضلعی انتظامیہ پشاور نے تحصیل سٹی کے علاقے حیات آبادمیں خواتین کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہری میں خاتون ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر تحریم شاہ سمیت خواتین افسران اور علاقہ خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔مشرف کالونی انڈسٹریل اسٹیٹ حیات آباد میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا تھا۔ عوام کی سہولت اور معلومات کے لیے کھلی کچہری سے پہلے علاقے میں اعلانات کر وائے گئے تھے۔ اس موقع پرخواتین نے اپنے مسائل کے بارے میں بتایا۔ کھلی کچہری میں زیادہ تر شکایات احساس پروگرام کے بارے میں تھیں۔بیشتر خواتین نے اپنے ذاتی مسائل کے بارے میں افسران کو آگاہ کیا۔ کھلی کچہری میں شکایات کی گئی کہ مشرف کالونی میں گیس کا پریشر بہت کم ہے اس لیے گیس کا پریشر زیادہ کیا جائے اور حیات آباد کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی ہاسٹلوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور فیز ون میں صفائی کی حالت کو بہت بنایا جائے۔اکثر خواتین نے بیر وزگاری کی شکایات کی اور درخواست کی کہ ان کو نوکری دی جائے۔ اس موقع پر دیگر خواتین نے بھی اپنے اپنے مسائل کے بارے میں کھل کر بات کی جبکہ اکثر نے تحریری درخواستیں بھی دیں جس پرافسران نے موقع پر ہدایات جاری کیں۔ خاتون ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرتحریم شاہ نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد حکومت و انتظامیہ اور عوام کے درمیان فاصلے کو ختم کر نا ہے اور عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کر نا ہے۔انھوں نے خواتین سے اپیل کی کہ ان کی درخواست اور شکایات پر کاروائی کے بارے میں بعد میں ان کو ضرور آگاہ کریں۔