کابل(جنگ نیوز)چین کے صدر شی جن پنگ نے علاقائی کانفرنس میں افغانستان کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان عوام ایک پرامن، مستحکم، ترقی یافتہ اور خوشحال افغانستان کے خواہاں ہیں جو علاقائی ممالک کیساتھ عالمی برادری کے مشترکہ مفادات کا بھی تحفظ کرے۔ خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق شی جن پنگ نے افغانستان، چین، روس، پاکستان، ایران، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے نمائندوں کے ایک اجتماع میں جاری کیے گئے اپنے پیغام میں افغانستان کے لیے چین کی حمایت کا وعدہ کیا جو ملک سے امریکی انخلا کے بعد وہاں قائدانہ کردار ادا کرنے کی چین کی خواہشات کو اجاگر کرتا ہے۔شی جن پنے کہا کہ افغان عوام ایک پرامن، مستحکم، ترقی یافتہ اور خوشحال افغانستان کے خواہاں ہیں جو علاقائی ممالک کے ساتھ ساتھ عالمی برادری کے مشترکہ مفادات کا بھی تحفظ کرے۔انہوں نے صوبہ آنہوئی میں سیاحت کی صنعت کے مرکز تونشی میں اجتماع کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ چین نے افغانستان کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کا ہمیشہ احترام کیا ہے اور افغانستان کی پرامن اور مستحکم ترقی کے حوالے سے حمایت کے لیے پرعزم ہے۔ چین کے صدر نے اس سلسلے میں مزید تفصیلات تو نہیں بتائیں البتہ چین پہلے ہی افغانستان کو ہنگامی امداد بھیج چکا ہے اور وہاں تانبے کی کان کنی کی ترقی کی کوشش کر رہا ہے۔ چین دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پر سختی سے عمل کرتا ہے جبکہ اس وقت چین، امریکا اور روس کے افغانستان کے لیے خصوصی ایلچی تونشی میں ملاقات کر رہے ہیں۔