لاہور(ایجنسیاں‘جنگ نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے آئندہ 48 گھنٹے اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی کوئی چیز فائنل نہیں ہوئی ‘ سیاست نیا رخ اختیار کرسکتی ہے‘لوگوں کا بھی خیال کرنا ہے اورممبران کو بھی سکیورٹی دینی ہے ‘حالات کے مطابق فیصلہ کریں گے ۔ ایک انٹرویومیں شیخ رشید نے کہا کہ رولز اور طریقہ کار کے مطابق گورنر وزیراعلیٰ کوبلا کر استعفے کی تصدیق کرتاہے، تصدیق کے دو سے تین روز بعد استعفیٰ منظور ہوجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ 48 گھنٹے اہم ہیں، جمعہ اور ہفتے کی رات 12 بجے تک کا وقت اہم ہے‘ اسلام آباد میں گہما گہمی ہے ابھی کوئی چیز فائنل نہیں ہوئی، قوم جمعہ اور ہفتے کی رات تک انتظار کرے۔شیخ رشید نے کہا کہ حالات پر گہری نظر ہے اور سیاسی حالات کے مطابق فیصلہ کروں گا۔