اسلام آباد ، کراچی (این این آئی، نیوز ڈیسک) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اپنے ’’بھکاری چننے کے قابل نہیں‘‘ والے بیان پر وضاحت پیش کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بیان کی غلط تشریح کی گئی ، معاشی خودکفیل ہوئے بغیر خودمختاری ممکن نہیں، ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ حقیقی آزادی تب ملتی ہے جب آپ معاشی طور پر خود کفیل ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ میرا پیغام ان سب کے لیے جنہوں نے میرے بیان کی غلط تشریح کی۔ یہ ہمیشہ میرا یقین رہا ہے کہ حقیقی آزاد خود انحصاری سے حاصل ہوتی ہے۔
خود مختاری کا تصور معاشی طور پر خود کفیل ہوئے بغیر نامکمل ہے جو خون ، پسینہ اور آنسو بہائے بغیر حاصل نہیں کیا جا سکتا۔
شہباز شریف نے مولانا ظفر علی خان کا ایک شعر بھی لکھا ’’خدا نے آج تک اس قوم کی حالت نہیں بدلی ، نہ ہو جس کو خیال آپ اپنی حالت کے بدلنے کا‘‘ اور کہا کہ مذکورہ شعر میرے جذبات کی درست ترجمانی کرتا ہے۔
قبل ازیں اپنے ایک بیان میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم متحد اور پرعزم ہو تواس کے سامنے کوئی مشکل یا رکاوٹ ٹھہر نہیں سکتی۔
انہوں نے کہاکہ قائداعظم کے ʼʼکام، کام اور کامʼʼ کا راہنما نصب العین قوم کیلئے مشعل راہ ہے کہ وہ خودانحصاری اور روشن مستقبل کے لئے اپنی قوتوں کو مجتمع کرکے آگے بڑھے۔