• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم اور ڈپٹی اسپیکر نے آئین توڑا، شہباز، یہ وکٹیں اٹھاکر بھاگ گئے،بلاول

اسلام آباد( نمائندہ جنگ،نیوز ایجنسیاں) اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تحریک عدم اعتماد کو غیر آئینی قرار دینے کی رولنگ اور اسمبلیاں تحلیل کرنے کے فیصلے کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی نے آئین توڑ کر ملک کو انارکی میں دھکیل دیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا ہے کہا آئین کی دھجیاں اڑا ئی گئیں،عمران اور ڈپٹی سپیکر قاسم سوری پر آرٹیکل 6لگے گا، عمران نیازی اور ان کے حواریوں نے کھلی آئین شکنی کی۔

ملک کو انتشار کی جانب دھکیلا گیا، معاشی کے بعد آئینی بحران پیدا کرنے کی کوشش سازش ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا عمران وکٹ اٹھا کر بھاگ گیا کہ آخری موقع پر اسپیکر نے غیر آئینی کام کیا، پاکستان کا آئین تڑوایا گیا ہے،پاکستان کے آئین کو توڑنے کی سزا واضح ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان اور اسپیکر پر آٹیکل 6کے تحت مقدمہ چلنا چاہیے، شہباز شریف نے کہا عمران نیازی وزیراعظم ہی نہیں تو اس آئینی اختیار کو استعمال کیسے کرسکتا ہے۔

 آئین کی شق 5کو استعمال کیاگیا، اسی میں لکھا ہے کہ ہر صورت آئین پر عمل کیاجائیگا، شخصی اقتدار کو غیرآئینی طول دینے کیلئے آئین پر حملہ کیا گیا۔

 شہبازشریف نے کہا عمران نیازی ملک کو انارکی میں دھکیل چکے ہیں، چیف جسٹس پاکستان ملک کو بحران سے بچا سکتے ہیں۔ امید ہے کہ عدالت عظمی آئین کی بالادستی کو یقینی بنا ئے گی اور ملک کو آئین شکنی سے تحفظ کیلئے اپنا آئینی فرض پورا کرینگے۔

پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عدم اعتماد کے معاملے پر سپریم کورٹ جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس اکثریت ہے، ہم وزیراعظم کو عدم اعتماد میں شکست دلوائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد جمع ہوچکی وزیراعظم اسمبلی تحلیل نہیں کرسکتے، انہیں عدم اعتماد کا مقابلہ کرنا پڑیگا جبکہ اسپیکر کیخلاف بھی عدم اعتماد جمع کرادی ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اب سپریم کورٹ نے فیصلہ دینا ہے، یہ بچگانہ حرکت ہے، عمران خان اپنے آپکو ایکسپوز کرچکاہے، ہم کسی غیر جمہوری شخص کو آئین پر ڈاکا مارنے کی اجازت نہیں دینگے۔

علاوہ ازیں متحدہ اپوزیشن نے کہاہے کہ عمران نیازی نے ملک اور آئین کیخلاف کھلی بغاوت(Coup) کی ہے جسکی سزا آئین کے آرٹیکل 6میں درج ہے، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی جانب سے صورتحال کا نوٹس لینے کا اقدام قابل تحسین ہے۔

اہم خبریں سے مزید