اسلام آباد(کامرس رپورٹر)یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن پر رمضان ریلیف پیکیج کامیابی سے جاری ہے‘ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن 19بنیادی اشیاء پر عام مارکیٹ کی نسبت 20فیصد تک رعایت دے رہی ہے اس کے علاوہ ملک کے تمام یوٹیلیٹی سٹورز پر دستیاب 1500سے زائد اشیاء پر بھی 15فیصد تک خصوصی رعایت دی جا رہی ہے۔ صارفین سے کہا گیا ہے کہ شناختی کارڈ کی کاپی اپنے ہمراہ لائیں تاکہ آسانی سے رمضان پیکج سے مستفید ہوسکیں۔ دوسری جانب شہریوں نے شکایت کی ہے کہ اکثر یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی، آٹا اور گھی دستیاب نہیں جس سے ان کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ شناختی کارڈ کی شرط کے باعث انہیں گھنٹوں دھوپ میں انتظار کرنا پڑتا ہے۔ یوٹیلیٹی سٹورز کے عملے کا برتائو بھی صارفین سے مناسب نہیں اور قطاروں میں کھڑے ہونے کے بعد جب ان کی باری آتی ہے تو بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ اشیاء ختم ہوچکی ہیں۔