• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ کے ڈاکٹروں کا کارنامہ، شہر کی تاریخ میں پہلی بار کلائی کی کامیاب پیوند کاری

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ میں کلائی کی پیوند کاری کا پہلا کامیاب آپریشن ، ڈاکٹرز نے کامیاب آپریشن میں نوجوان کو اپاہج ہونے سے بچا لی ۔ رپورٹ کے مطابق 4اپریل کو دن تقریباً گیارہ بجے مسلم باغ کا رہائشی محمد زمان ولد محمد ہاشم جومسلم باغ میں پتھر کی کان میں مزدوری کررہا تھا کہ بڑا پتھر اس کے ہاتھ پرآن گرا جس سے اس کے دائیں ہاتھ کی کلائی پچک کرکٹ گئی ،قریبی رفقاء نے نوجوان کی کلائی پرپٹی باندھ کراسے سٹی انٹرنیشنل ہسپتال کوئٹہ پہنچایا تب تک اس حادثے کو تقریباً چار گھنٹے گزرچکے تھے ،سٹی انٹرنیشنل ہسپتال کوئٹہ کے پروفیسر ڈاکٹر عتیق الرحمٰن آرتھوپیڈک سرجن پروفیسر ڈاکٹر خان محمد بابر جنرل اینڈواسکولر سرجن ڈاکٹر شکیل اکبر جنرل سرجن اورڈاکٹر عمران ناصر اینسٹیٹٹ پرمبنی ٹیم 4اپریل کی شام محمد زمان کے دائیں ہاتھ کی کٹی ہوئی کلائی کو آپریشن کے ذریعے پیوند کرکے پھرسے جوڑنے میں کامیاب ہوگئی۔ سرجن خان محمد بابر کاکہنا ہے کہ کلائی کوکٹے ہوئے چارگھنٹے گزرچکے تھے اوراتنے طویل وقفے تک انسانی اعضاء کے پٹھوں اورشریانوں میں خون کی گردش رک جائے تو گوشت کے پٹھے زندہ رہنے کے بہت کم چانس ہوتے ہیں، پروفیسر ڈاکٹر خان محمد بابراورپروفیسر ڈاکٹرعتیق الرحمٰن نے بازو کابغور معائنہ کیا ،نوجوان کی کلائی بازو کی جلد سے لٹک رہی تھی اورایسے کیسز میں 10 سے 15فیصد چانس ہوتاہے کہ آیا اس چوٹ سے خون کی شریانیں جانبرہوسکتی ہیں اورنیچے گوشت کے پٹھے ٹھیک ہوسکتے ہیںیا نہیں ،تاہم نوجوان کے ورثاء کی ایماء پرسرجنز کی ٹیم نے رسک لینے پر آمادگی ظاہر کردی اورہنگامی طورپر آپریشن کرکے نوجوان کی کٹی ہوئی کلائی کوآپریشن کے ذریعے پیوست کرنے میں کامیاب ہوگئی، چارگھنٹے طویل آپریشن کی کامیابی کے بعد مریض کے ورثاء کے جذبات قابل دید تھے، مریض الحمدللہ تیزی سے روبصحت ہے اورہاتھ کی انگلیوں کونارمل طریقے سے جنبش کرسکتاہے اورآپریشن کے 48 گھنٹے گزرنے کے باوجود ہاتھ میں خون کی گردش نارمل طریقے سے جاری ہے ،انسانی خدمت سے سرشار سرجنوں کاکہنا ہے کہ بلوچستان کی تاریخ میں پیوند کاری میں اپنی نوعیت کاشاید یہ پہلا کامیاب آپریشن ہے جس کی بدولت ایک غریب نوجوان اپنی کٹی ہوئی کلائی سے محروم ہونے سے بچ گیا۔
کوئٹہ سے مزید