• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طلحہ پر قوت بخش ادویہ استعمال کرنیکا الزام، پاکستانی ویٹ لفٹرز مشکل میں

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کامن ویلتھ گیمز سے قبل پاکستان کے تین ویٹ لفٹر کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ٹاپ ویٹ لفٹر اولمپئن طلحہ طالب پر مبینہ طور پر کارکردگی بڑھانے والی ادویات کے استعمال کا الزام سامنے آیا ہے جس کی وجہ سے انہیں عالمی فیڈریشن کی ہدایت پر تحقیقات اور آبزر ویشن سے گذرنا پڑرہا ہے۔ ان کے ساتھ دو مزید ویٹ لفٹرز کے بھی ٹیسٹ کے نتائج مشکوک ہیں۔ پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے ذرائع نے جنگ سے بہت محتاط بات چیت میں کہا ہے کہ صورت حال کنٹرول میں ہے،کچھ گڑ بڑ سامنے آئی ہے مگر زیادہ خطرناک نہیں۔ واضح رہے کہ ایک ماہ قبل انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی نے انٹرنیشنل ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کی ہدایت پر پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کو اعتماد میں لیتے ہوئے لاہور اور گوجرانوالہ میں پاکستانی ویٹ لفٹرز کے تربیتی کیمپ کے دوران ڈوپ ٹیسٹ لئے تھے جس میں طلحہ طالب کے خون کے نمونوں کے نتائج بالکل واضح نہیں تھے جس کی وجہ سے ان سے مزید تحقیقات کی جارہی ہے، اس دوران انہیں ٹریننگ کی اجازت ہے۔ طلحہ طالب کے بارے میں اطلاع ہے کہ ان کے جسم میں کچھ ایسے مادے جنم لے رہے ہیں جس سے ان کی رپورٹ مشکوک بن رہی ہے، ان کے اسی بنیاد پر مزید ٹیسٹ لئے جائیں گے۔ فیڈریشن کا کہنا ہے کہ ویٹ لفٹرز کے ٹیسٹ عالمی فیڈریشن کی سال بھر جاری رہنے والی ٹیسٹنگ پالیسی کا حصہ ہے۔ دوسری جانب بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور اور گوجرانوالہ کے تربیتی کیمپ سے قوت بڑھانے والی ادویات بھی ملی ہیں، تاہم فیڈریشن کے ایک اہم عہدے دار نے اسے بے بنیاد اور صداقت سے عاری قرار دیا۔

اسپورٹس سے مزید