کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان بار کونسل کے رکن راحب بلیدی ایڈووکیٹ، کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدر اجمل خان کاکڑ،جنرل سیکرٹری نور جان بلیدی ایڈووکیٹ نے سپریم کورٹ کی جانب سے قومی اسمبلی کو تحلیل کرنے اورڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کے فیصلوں کو کالعد م قرار دینے کے فیصلے کا خیر مقدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے ملک کو آئینی بحران سے نکالنے کے لئے انتہائی مثبت کردار ادا کیا ہے۔ عدالت نے نظریہ ضرورت کو دفن کرتے ہوئے دستور کی بالا دستی کا بول بالا کیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ڈپٹی اسپیکر اور صدر مملکت کے فیصلوں سے ملک میں جو آئینی بحران پیدا ہوا سپریم کورٹ نے تاریخی فیصلے میں اس بحران کو ختم کرنے کے ساتھ آئین اور پارلیمنٹ کی بالا دستی کی بنیاد رکھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وکلاء اس فیصلے کا خیر مقدم کرتی ہے اور آج یوم تشکر منائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ دستور کے مطابق ہے، اس فیصلے سے ملک میں غیر آئینی اقدامات کا راستہ بند ہوگا ۔درایں اثناءکوئٹہ بار ایسوسی ایشن نے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے اسے سپریم کورٹ کے فیصلہ تاریخی فیصلہ قراردیا ہے۔ صدر کوئٹہ بار ایسوسی ایشن اجمل کاکڑ اور جنرل سیکرٹری نور جان بلیدی نے کہا کہ آج آئین کی بالادستی کی جیت ہوئی ہے، سپریم کورٹ کا فیصلہ قانون کے عین مطابق ہے۔